News Detail Banner

فلسطین کی آزادی کے فیصلہ کن لمحات آ پہنچے، عالم اسلام یہ موقع ضائع نہ کرے سراج الحق

6مہا پہلے

لاہور09 اکتوبر 2023ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے فیصلہ کن لمحات آ پہنچے، عالم اسلام یہ موقع ضائع نہ کرے۔ لاکھوں فلسطینیوں نے قربانیوں کی عظیم داستانیں رقم کر کے حریت کی شمعیں روشن کیں اور گریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔ اسلامی دنیا کے حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ موجودہ حالات میں خاموشی یا غیرجانبداری اختیار کرنے کی بجائے اپنا وہ فرض ادا کریں جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی کی حیثیت سے ان پر عائد کیا گیا ہے، انھیں خواب غفلت سے جاگنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں بلدیاتی نمائندوں، ضلع شمالی کے امیر یوسف خان کی قیادت میں ملنے والے وفد اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی کے مسائل بھی زیربحث آئے۔ امیر جماعت نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت نے کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا۔ بنیادی انفراسٹرکچر اور شہریوں کو پانی کی فراہمی تک کے مسائل حل نہیں کیے گئے۔ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دیے جائیں، جماعت اسلامی ہی کراچی میں امن و ترقی واپس لا سکتی ہے، ہماری شہر کے لیے عظیم خدمات کی مثالیں قائم ہیں۔

سراج الحق نے فلسطین فنڈ کے قیام کا اعلان کیا اور پاکستانیوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔ انھوں نے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ پاکستانی قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ویژن کے مطابق فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ امیر جماعت نے مسئلہ فلسطین کے موجودہ تناظر میں تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سے ملاقاتیں کیں، یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا، ان کی اپیل پر لاہور، راولپنڈی، پشاور اور دیگر شہروں میں القدس ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، کراچی میں 15اکتوبر کو ملین مارچ ہو گا۔ انھوں نے قبلہ اوّل کی آزادی کے لیے جماعت اسلامی کی بھرپور حمایت کے عہد کا اعادہ کیا۔

امیر جماعت نے کہا کہ عالم اسلام دوکروڑ 75لاکھ مربع کلومیٹر رقبہ، 74لاکھ فوج، 9سمندروں کے ساحل اور معدنیات کے وافر وسائل سے مالامال ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس طاقت کو مظلوم مسلمانوں کی حمایت کے لیے استعمال کیا جائے۔ عالم اسلام نے اتحاد کا مظاہرہ نہ کیا تو اسرائیل ایک ایک کر کے انھیں ہڑپ کر جائے گا، اسرائیل کو تسلیم کرنا یا اس کے ساتھ نرمی اختیار کرنا مسئلہ فلسطین کا حل نہیں۔ ارض فلسطین کے لاکھوں لوگوں نے سات دہائیوں سے آزادی کے لیے قربانیاں دیں،وہ مظلوم قوم ہیں اور سالہاسال سے محاصرے میں ہیں، قابض صیہونی افواج کی طرف سے فلسطینی بچوں اور خواتین پر مظالم کی ایک طویل داستان ہے، القدس پر غاصب اسرائیل نے قبضہ کیا، 86لاکھ آبادی اور معمولی رقبے پر مشتمل صہیونی ریاست ناجائز ہے، مگر استعماری طاقتوں کی اسے مسلسل حمایت حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان کے مسلمانوں نے روسی اور نیٹو افواج کا قبضہ قبول نہیں کیا اور بہادری کی داستانیں رقم کر کے آزادی حاصل کی، اسی طرح فلسطین کے عوام بھی ہمت اور جرأت کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب قبلہئ اول صہیونی تسلط سے آزاد ہو گا اور فلسطین کا ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر وجود قائم ہو گا۔

سراج الحق نے کہا کہ اسلامی اور ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے سے پاکستان کا فرض ہے کہ وہ فلسطین کی آزادی کے لیے قائدانہ کردار ادا کرے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پوری قوم میں فلسطین کے مسئلہ پر بیداری اور یکجہتی قائم کرنے کے لیے تمام شہروں میں ریلیوں کا انعقاد کرے گی۔