News Detail Banner

نوجوان بیدار ہو گیا، وہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ظلم، ناانصافی اور سٹیٹس کو توڑ کر حقیقی معنوں میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گا۔راشد نسیم

1سال پہلے

لاہور28 اگست 2023ء

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ نوجوان بیدار ہو گیا، وہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ظلم، ناانصافی اور سٹیٹس کو توڑ کر حقیقی معنوں میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گا۔ میرپور خاص میں جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قیام سے لے کر اب تک 82برس گزر گئے ہیں، لوگ سوال کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی، ن لیگ، پیپلزپارٹی حتیٰ کہ ایم کیو ایم اقتدار میں آ گئیں تو جماعت اسلامی کو حکومت کیوں نہیں ملی؟ انھوں نے کہا کہ اصل سوال یہ ہونا چاہیے کہ جو لوگ گزشتہ 70برسوں سے جو اقتدار میں رہے، ان کی قومی خدمات کیا ہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ حکمران جماعتوں نے قوم کو ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی غلامی کے علاوہ کچھ نہیں دیا، یہ استعمار کے نمائندے اور اسی کی پالیسیوں کو بے رحمی سے غریب عوام پر لاگو کرتے ہیں۔حکمران جماعتوں نے مل کر عوام کا خون نچوڑا، موجودہ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ سے ہی حکمرانوں کی بے رحمی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، ان بلوں سے حکمران اشرافیہ کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کی مراعات اور عیاشیاں جاری ہیں، جن کا بوجھ غریب اٹھا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے استعمار کی غلامی قبول نہیں کی بلکہ اس کی مزاحمت کی ہے۔ اب عوام کا پیمانہئ صبر لبریز ہو چکا ہے، ان کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ اور کوئی حل نہیں۔ امیر ضلع میرپور سلمان خالد، امیر شہررفیق چوہان، جماعت اسلامی کی مقامی قیادت، کارکنان اور مسیحی برادری کے نمائندے نعیم نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔