جماعت اسلامی کی تاسیس کو 82سال مکمل ہو گئے۔ لیاقت بلوچ
1سال پہلے
لاہور26 اگست 2023ء
نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے مرکزی تربیت گاہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی تاسیس کو 82سال مکمل ہو گئے۔ جماعت اسلامی نے اپنی تاسیس کے بعد اقامت دین، اشاعت دین، خدمتِ خلق اور سیاسی جمہوری محاذ پر امانت، دیانت، اہلیت اور خدمت کے لیے مسلسل جدوجہدکی ہے۔ مولانا سید مودودیؒ کی تحریک اور فکر کے پوری دنیا میں گہرے اثرات ہیں۔ اشتراکیت، مغربی سرمایہ دارانہ تہذب، قوم پرستی اور سیکولرازم و الہاد کے خلاف قرآن و سنت کی روشنی میں دلیل و تبلیغ سے موثر اور کامیاب کردار ادا کیا ہے۔ اسلام کے اجتماعی نظام اور فرد، خاندان، معاشرہ اور ریاست پر اسلام کی بالادستی کی حقیقت کو آشکار کیا ہے۔ دنیائے انسانیت کو الحادی تہذیب اور مادہ پرستانہ نظام کی وجہ سے تباہی سے دوچار کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی نے انسانوں کو فلاح اور راہ حق پر چلانے کے لیے مسلسل جدوجہد رکھی ہے۔ دور حارضر میں غلبہ اسلام کی تحریک کو شاہ ولی اللہؒ، جمال الدین افغانیؒ، علامہ اقبالؒ، امام حسن البناءؒ، سید قطب شہیدؒ اور دیگر مفکرین نے پروان چڑھایا، لیکن اقامت دین کی تحریک کو پروان چڑھانے، وسیع کرنے، موثر بنانے اور ہمہ گیر طور پر منظم کرنے میں سب سے بڑا نمایاں کردار مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کا ہے۔
لیاقت بلوچ نے جامع مسجد القلم میں خطاب جمعہ میں کہا کہ پاکستانی سیاسی قیادت، ریاستی کارپردازوں کی غلط کاریوں اور سماجی کمزوریوں کی وجہ سے سیاسی، معاشرتی اور اقتصادی بحرانوں اور زوال کا شکار ہے۔ سیاسی عدم استحکام اقتصادی نظام اور قومی سلامتی کے محاذ کے لیے انتہائی خطرناک شکل اختیار کر گیا ہے۔ سیاسی استحکام کے لیے بااعتماد، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات ناگزیر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد نگران حکومتوں میں سکت، اہلیت اور مینڈیٹ نہیں کہ وہ ملک کو بحرانوں سے نکال سکیں، حالات جس سطح تک گھمبیر ہو گئے ہیں تنہا سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ یہ بوجھ برداشت نہیں کر سکتی۔ 25کروڑ عوام کے جمہوری حق سے دھوکا اور دغابازی بند کی جائے۔