اگر تحریک پاکستان صرف آزادی، اقتصادی بہبود کے لئے ہوتی اور قیام پاکستان تحریک کا کوئی اسلامی نظریہ نہ ہوتا تو برصغیر کے مسلمان اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے تھے۔لیاقت بلوچ
1سال پہلے
لاہور16 اگست 2023ء
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے سیاسی وانتخابی امور کمیٹی ارکان اور ورکرز کنونشن اور یوم آزادی ریلی سے خطاب کرتے کہا کہ اگر تحریک پاکستان صرف آزادی، اقتصادی بہبود کے لئے ہوتی اور قیام پاکستان تحریک کا کوئی اسلامی نظریہ نہ ہوتا تو برصغیر کے مسلمان اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے تھے۔ قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ نے دو قومی نظریہ اور مسلمانوں کے لئے آزادی، نظریہ اسلام اور مثالی اسلامی ریاست کے قیام کے لئے ولولہ تازہ دیا اور اللہ نے آزادمملکت کی نعمت عطا کی۔ پاکستان وسائل، معدنیات، انسانی صلاحیتوں اور نوجوانوں کی بیش بہا صلاحیتوں سے مالا مال ہے۔ پاکستان کو ترقی کی استحکام کی شاہراہ پر لانے کے لئے عوام بیدار ہوں، تحریک پاکستان کا جذبہ پیداکریں، ریاست کا نظام اور اقتدار مفاد پرستوں، سرداروں، وڈیروں، چوہدریوں، خانوں، تمن داروں اور عوام دشمن طاقتوں سے چھیننا ہوگا۔ عوام خوشحال پاکستان کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کو جدید،مستحکم اور خود مختار ریاست بنائی گی۔
لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں علماء اور سماجی رہنماؤں سے ملاقات میں کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف اتحادی حکومت نے حالات سدھارنے کی بجائے سواستیاناس کر دیئے۔ پٹرول کی قیمتوں میں ہرشربا اضافہ اور گیس، بجلی کی قلت، لوڈشیڈنگ اور فی یونٹ ناقابل برداشت قیمتوں کے اضافہ نے غریب عوام کو زندہ درگور کر دیاہے، اتحادی حکومت کا دور تاریخ کا بدترین تھا، نگران عبوری حکومت کے بس میں نہیں کہ ان بحرانوں کا خاتمہ کرسکے۔ اسٹیبلشمنٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگران حکومتوں کے لئے عزت کا ایک ہی راستہ ہے کہ آئینی مدت کے اندر عام انتخابات کرادیئے جائیں۔ صاف شفاف اورغیرجانبدارانہ انتخابات ہی بحرانوں کا علاج ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز آئین کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کی اہمیت تسلیم کرلیں تو ملک وملت عزت ووقار اور عالمی برادری میں اپنا مقام پالے گا۔ سیاسی عدم استحکام اور قوم میں بے اعتمادی بددلی خالص تباہی ہے۔