News Detail Banner

ہر آنے والا دِن کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور حق خود ارادیت کوجنون میں تبدیل کر رہا ہے۔لیاقت بلوچ

8مہا پہلے

لاہور15 اگست 2023ء

نائب امیر جماعت اسلامی، قومی اسمبلی کی پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے سابق ممبر لیاقت بلوچ نے 15اگست ہندوستان کے یوم آزادی پر، مقبوضہ جموں کشمیر پر بھارت کے ناجائز جابرانہ قبضہ کے خلاف کشمیریوں کا یومِ سیاہ کا اعلان جائز اور حقیقت پر مبنی ہے۔ 1947ء سے بھارت مسلسل کشمیریوں پرظلم  وجبر، قتل وغارت  اور انسانی حقوق کی پامالی کے پہاڑ توڑ رہا ہے، دوسری طرف جموں کشمیر کے مظلوم اور بہادر عوام آزادی کیچراغ اپنے لہو سے روشن کررہے ہیں۔ ہر آنے والا دِن کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور حق خود ارادیت کوجنون میں تبدیل کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی حالت گہری تشویشناک ہے، مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین عالم اسلام کے اہم ترین مسائل ہیں، عالمی سطح پر عالم اسلام کو متحدہ اور موثر آواز بلندکرنا ضروری ہے۔کشمیروفلسطین میں ظلم کا ہر واقعہ تشویشناک ہے جب عالم اسلام کی متحدہ آواز گونجتی ہے تو سَب سُنتے ہیں لیکن فیصلہ کن قوتین مسلم تعصب کی بنیادپر گونگی بہری اور مجرمانہ روش پر عمل پیرا ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ76 سال قبل اقوام متحدہ میں پاکستان اور بھارت نے اتفاق کیا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری کریں گے، کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے گا۔ OICان حالات میں اپنا کرداراور ذمہ داری ادا کرے اور مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کیا جائے۔ مودی فاشسٹ حکومت نے بھارت کی بڑی جمہوریت اور  سیکولرازم کے دعوے کو پاش پاش کر دیا ہے۔ بھارت نے بھارتی آئین سے تنازع کشمیر پر آرٹیکل 370 اور 35۔اے کے اخراج سے سنگین عالمی جرم کیا ہے۔ 15اگست 2019ء کے بعد کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالی شدید تر ہو گئی، آبادی کے تناسب کو غیرآئینی وغیر قانونی اور ناجائز طریقوں سے تبدیل کیا جا رہا ہے، جموں وکشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا بھارتی ذہنیت اور سوچ کا عکاس ہے۔ لیاقت بلوچ نے علی پور چٹھہ اور گجرات شہر میں یوم آزادی ریلیوں سے خطاب کرتے کہا کہ 24 کروڑ پاکستانی کشمیریوں کے پشتیبان ہیں، کشمیریوں کی اخلاقی، سماجی، سیاسی مدد کرنا پاکستانیوں کا دینی فریضہ ہے۔ بھارت کے ہر ظلم وجبر کے علی الرغم کشمیری آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔ بھارت اپنے ناجائز اقدامات،رویوں اور ہتھکنڈوں سے اندرونی تباہی سے دوچارہے۔ ہر آنے والا دن اس کے زوال کی داستان لے کر آتا ہے۔