News Detail Banner

ملک میں پارلیمنٹ، عدلیہ، الیکشن کمیشن آزاد نہیں، معیشت آئی ایم ایف کے قبضے میں ہے۔سراج الحق

8مہا پہلے

لاہور13اگست 2023ء

     امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قوم کو 76 ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہاہے کہ پون صدی بعد بھی پاکستان حقیقی منزل سے دور ہے۔ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے سازش کے تحت کروڑوں مسلمانوں کی قربانیوں کو رائیگاں کیا۔ ملک میں پارلیمنٹ، عدلیہ، الیکشن کمیشن آزاد نہیں، معیشت آئی ایم ایف کے قبضے میں ہے۔ جمہوریت کی بات کرنے والی نام نہاد سیاسی جماعتیں خود جمہوریت کے تصور سے ناآشنا، فیملیز اور وڈیروں کے کلبز ہیں۔ آئین پاکستان سے کھلواڑ اور ملک کی نظریاتی اساس پر حملے ہوتے ہیں۔ ملک کی شہ رگ کشمیر دشمن کے قبضہ میں ہے۔ آئیے یوم آزادی کے موقع پر حقیقی آزادی کے حصول کے لیے بھرپور جدوجہد کا آغاز کریں۔ حکمران جماعتیں اپنے مفادات کے لیے عوام کو لڑا رہے ہیں، پولرائزیشن خطرناک صورت حال اختیار کر چکی۔ قوم میں اتحاد و اتفاق وقت کی ضرورت ہے۔ آئین وقانون کی بالادستی قائم کرنا ہو گی، آئین پاکستان مقدم دستاویز،سب کو اس پر اتفاق کرنا چاہیے۔ پاکستان کو سود سے پاک معیشت اور اسلامی نظام چاہیے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد اسلامی نظام کے لیے ہے، کارکنان قیام پاکستان کے حقیقی پیغام کو گھر گھر عام کریں۔ یقین ہے کہ ملک کا مستقبل روشن ہے، پاکستان قیامت کی صبح تک قائم رہے گا۔

    سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سال میں کئی بجٹ پیش ہوتے ہیں۔ ڈالر سستا ہونے کے باوجود مہنگائی پر کوئی اثر نہیں پڑا، مہنگا ہونے پر گھنٹوں میں قیمتیں اوپر چلی جاتی ہیں۔ گذشتہ حکومت کے پانچ سالہ دور میں ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں پچاس سے سو فیصد اضافہ ہوا۔ ملک کے طول و عرض میں بجلی غائب، سیلاب متاثرین ایج سال بعد آج بھی مدد کے لیے پکار رہے ہیں، مگر حکمران کہیں نظر نہیں آتے۔ بے روزگاری کاجن قابو سے باہر ہو گیا، پڑھے لکھے نوجوان مستقبل سے مایوس نظر آتے ہیں۔ ملک کا ہر پانچواں آدمی حالات سے تنگ ڈپریشن کا شکار ہے۔ بجلی کے ٹیرف میں آئے روز اضافہ آئی ایم ایف کے حکم پر ہوتا ہے۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کل بھی عوام پر بجلی گرائی گئی

    امیر جماعت نے کہا کہ کرپشن، بیڈ گورننس اور سودی معیشت مسائل کی جڑ ہیں۔ موجودہ اور سابقہ حکومتیں پاکستان کو اس نہج تک پہنچانے کی ذمہ دار ہیں۔ملک کو لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ضروری ہے اور صرف جماعت اسلامی ہی احتساب کا بے لاگ نظام متعارف کروا سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اور قوم کی تائید سے اقتدار میں آ کر پاکستان کو کرپشن فری ملک بنائیں گے۔ فرسودہ نظام سے نجات اور اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے چوروں، لٹیروں اور کرپٹ افراد کو مسترد کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی حقیقی تعبیر کے لیے کرپٹ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ یوتھ حقیقی قوت، ملک کو ناقابل تسخیر بنا سکتی ہے۔ کوئی شک نہیں پاکستان کا قیام مسلمانانِ برصغیر کے لیے اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ تھا۔ اس نعمت کی حفاظت کے لیے ہمیں یک جان ہونا پڑے گا۔ قوم ملک میں نظامِ مصطفی کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کی ہمقدم بنے، کرپٹ عناصر کے خلاف جہاد وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ آئیے وطنِ عزیز کو محبت اور امن کا گہوارہ بنائیں۔