انگریز چلے گئے، 75 برس بعد بھی ان کا دیا گیا نظام اور چوکیدار ملک پر مسلط ہے۔سراج الحق
1سال پہلے
لاہور20 جولائی 2023ئ
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ انگریز چلے گئے، 75 برس بعد بھی ان کا دیا گیا نظام اور چوکیدار ملک پر مسلط ہے۔ 199ممالک میں گرین پاسپورٹ کو عراق، شام اور افغانستان کے بعد دنیا کا چوتھا بدترین پاسپورٹ قرار دے دیا گیا، حکمرانوں نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں روزانہ لاشیں گر رہی ہیں، بدامنی، مہنگائی، کرپشن اور بے روزگاری کا آپس میں مقابلہ ہے۔ پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی کی حکومت نے 16 ماہ میں عوام کا ایک مسئلہ بھی حل نہیںکیا، پی ٹی آئی نے پونے چار سال برباد کیے۔ موجودہ اور ماضی کی حکومتوں کا سارا کاروبار جھوٹ پر چلتا رہا۔ 12اگست کو اسمبلیاں ختم ہوجائیں گی، چاہتا ہوں عوام الیکشن میںتبدیلی ، روٹی کپڑامکان اور ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے کے دعوے داروں کا احتساب کریں۔
صفدرآباد شیخوپورہ میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ سود کے ہوتے ہوئے معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی،ملک کا معاشی نظام 1839ءکے انگریز کے دیے گئے ربا ایکٹ پر کھڑا ہے، سود اللہ سے جنگ ہے ،پی ڈی ایم حکومت کے امام مذہبی شخصیت ، ان کے ہوتے ہوئے ملک میں شرح سود جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہے۔ اقتدار میں آکر جماعت اسلامی سودکو فوری طور پر ختم کرے گی، انفرادی، زرعی اور صنعتی قرضے بغیر سود کے دیے جائیں گے، پرانے قرضوں پر ربا ختم کریں گے، عدالتوں میں قرآن کا نظام لائیں گے۔ نوجوانوں کو روزگار، زرعی زمینیں دیں گے، تعلیم کو مفت کیا جائے گا، ملک لوٹنے والے جیلوں میں ہوں گے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر ضلع رانا تحفہ دستگیر اور امیدوار ایم این اے میاں اسداللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سراج الحق نے کہا کہ محرم الحرام میں امام حسین ؓکی قربانی ملوکیت کے خلاف جدوجہد کادرس ہے، یکم محرم کو عمرفاروقؓ کی شہادت ہوئی جنہوں نے 24لاکھ مربع میل پر عدل کا ایسا نظام قائم کیا کہ فرات کے کنارے کتا بھوک سے مرجانے پر بھی حکمران کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ملک اسلام کے نام پر جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں قائم ہوا لیکن یہاں نام نہاد جمہوری حکومتوں اور فوجی مارشل لاﺅں کے نتیجہ میں ملوکیت قائم رہی، وقت آگیا ہے کہ ملک میں عوامی اور اسلامی حکومت قائم کی جائے، اسلامی نظام ہی مسائل کا حل ہے۔ عدالتوں میں انصاف نہیں، کمزور کی عمر بیت جاتی ہے اسے حق نہیں ملتا۔ تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ایک طرف دولت کے انبار ہیں دوسری جانب لوگوں کودوقت کا کھانا دستیاب نہیں، عوام مضر صحت پانی پینے پر مجبور، ہسپتالوں میں علاج نہیں ۔ حکمران اشرافیہ وسائل پر قابض ہے، قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا گیا، 14 ہزار کے بجٹ میں سات ہزار سے زائد سودی قرضوں میںجائے گا۔
امیر جماعت نے کہا کہ ملک کا ہر بچہ مقروض، قوم کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاںاور پاﺅں میں زنجیریں ہیں، نوجوان بیرون ملک بھاگ رہے ہیں، حالات سے مایوس ہو کر لاکھوں نشے کے عادی ہو گئے، حکمران جماعتوں نے نوجوانوں کے ارمانوںکا خون کیا، آئندہ نسلوں کو بھی استعمار کا غلام بنایا۔ کرپٹ کرپشن اور ظالم ظلم نہیں روک سکتا، قوم فیصلہ کرے کہ فرسودہ نظام جاری رکھنا ہے یا ملک کو ترقی یافتہ اور محفوظ بنانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن شفاف نہ ہوئے تو حالات گھمبیر ہو جائیں گے، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ انتخابات کو ہر لحاظ سے صاف اور شفاف بنائے، سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔ سیاسی جماعتیں جمہوریت کا راگ الاپنے سے قبل اپنے اندر جمہوریت لائیں، شخصی اور خاندانی اجارہ داریاں قائم رہیں اور ملک کے فیصلے بند کمروں اور بیرون ملک ہوتے رہے تو بہتری نہیں آئے گی۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی ناکامی کے بعد بہتری کا واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔