وقت کے ساتھ انسانیت اور امت مسلمہ حضور اکرم کا اسوہ ¿ حسنہ اور قرآن کو بھول جائے گی۔راشد نسیم
1سال پہلے
لاہور07 جولائی 2023ئ
نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ جدید دور کی چمک دمک یہ سوچ رہی تھی کہ وقت کے ساتھ انسانیت اور امت مسلمہ حضور اکرم کا اسوہ ¿ حسنہ اور قرآن کو بھول جائے گی۔ مغربی دنیا کو پریشانی لاحق ہے کہ قرآن پاک کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے وہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جو بالآخر ناکام ہوں گے۔ وہ مسجد قبا فیڈرل بی ایریا کراچی میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ امیرجماعت سراج الحق کی اپیل پر پاکستان سمیت دنیا کے کئی اسلامی ممالک میں جمعہ کو مشترکہ طورپر یوم مذمت منایا گیا۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں نکالی جانے والی احتجاجی ریلیوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
راشد نسیم نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی پر مغربی دنیا کی دورنگی اور دوہرا معیارہے، ہولوکاسٹ کی بے حرمتی اور انکار کرنے والوں کے لیے قانونی سازی اور سزائیں موجود ہیں جب کہ قرآن اور توہین رسالت کے حوالے سے کوئی قانون سازی موجود نہیں ہے۔ امت مسلمہ کو یک جان ہو کر غیرت ایمانی کا ثبوت دینا ہو گا،مستقل طور پر قرآن سے جڑنے کی ضرورت ہے، اسی میں ترقی اور آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ اسلامی دنیا کے ممالک مغرب اور بالخصوص سویڈن کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، او آئی سی لمبے عرصے سے مٹی کا ڈھیر اور مردہ جسم کی شکل اختیار کر چکا ہے کو اس موقع پر ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر خطیب مسجد مولانا ثنا اللہ نے قرارداد پیش کی جس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی مذمت اور امت سے سویڈن مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کی گئی۔