حکمران اسلامو فوبیا کے خلاف عملی اقدامات اٹھائیں۔ امیرالعظیم
1سال پہلے
لاہور07 جولائی 2023ئ
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے قرآن کریم کی بے حرمتی پر پاکستان سمیت اسلامی دنیا کے حکمرانوں کے لفظی بیانات پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکمران اسلامو فوبیا کے خلاف عملی اقدامات اٹھائیں۔ شعائر اسلامی کی توہین دو ارب مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ سویڈن سے سفارتی تعلقات منقطع کیے جائیں اور اس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ وہ منصورہ ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کر رہے تھے۔
امیرجماعت سراج الحق کی اپیل پر پاکستان سمیت دنیا کے کئی اسلامی ممالک میں جمعہ کو مشترکہ طورپر یوم مذمت منایا گیا۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں نکالی جانے والی احتجاجی ریلیوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مساجد میں علما کرام نے قرآن کریم کی اہمیت پر خطبات دیے اور نوجوانوں سے قرآن کریم کو باترجمہ پڑھنے کی استدعا کی۔ نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے جامع مسجد بلال نیوگارڈن ٹاﺅن لاہور میں تقدیس قرآن کے موضوع پر خطاب کیا۔ جمعہ کو کوئٹہ میں احتجاجی ریلی سے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے خطاب کیا، پشاور میں بڑے احتجاجی مظاہرے کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور ضلعی امیر بحراللہ نے کی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں نصراللہ رندھاوا اور عارف شیرازی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ کراچی ملیر میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ ہری پور کی تحصیل غازی میں بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، لوئر دیر کے امیر اعزاز الملک افکاری نے تیمرگرہ میں مظاہرین سے خطاب کیا، درگئی میں قرآن پاک ہاتھوں میںاٹھا کر عوام کی بڑی تعداد نے احتجاجی ریلی نکالی، امیر ضلع مولانا تسلیم اقبال اور محمد ظہور خٹک نے کرک میں مظاہرہ کی قیادت کی، امیر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ حافظ فرمان اللہ اور امیدوار قومی اسمبلی این اے 105ڈاکٹر عطااللہ نے گوجرہ میں مذمت ریلی سے خطاب کیا۔ پاک پتن میں امیر ضلع رانا انیس الرحمن ، شیخوپورہ میں رانا تحفہ دستگیر نے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی۔
منصورہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ سے امیر لاہور ضیاالدین انصاری، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک اور نائب امیر لاہور ذکراللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں عوام کی بڑی تعداد شریک تھی جنھوں نے بینرز، کتبے اور جماعت اسلامی کے پرچم اٹھا کر سویڈن کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
امیر العظیم نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی دنیا سے سوال کیا کہ اب تک سویڈن کے سفیروںکو ملک بدر کیوں نہیں کیا گیا اور امت کے جذبات کی ترجمانی کرنے میں حکمران بزدلی کیوں دکھا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قرآن روشنی ہے جسے ختم نہیں کیا جا سکتا، مغرب میں اسلام کا غلبہ ہو گا۔ قرآن کریم کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ تعالیٰ نے لی ہے۔ ہر مسلمان کا فرض ہے کہ قرآن کو عام کرنے کی جدوجہد کریں، قرآن کا نظام انسانیت کی کامیابی کا ضامن ہے۔