News Detail Banner

قرآن کریم رشد و ہدایت ہے جس کی روشنی دنیا کو منور کرتی رہے گی، مغرب کو بتانے کی ضرورت ہے کہ قرآن کریم انسانیت کی تعمیر کا پیغام ہے۔سراج الحق

9مہا پہلے

لاہور06 جولائی 2023ئ

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مغرب میں توہین اسلام کے منظم اور متواتر واقعات سے عالمی امن کو خطرہ لاحق ہے، دوارب مسلمانوں کے جذبات اور احساسات سے کھیلنا بند کیا جائے۔ توہین آمیز واقعات کے خلاف بھرپور عوامی احتجاج کے علاوہ جس چیز کی شدت سے ضرورت ہے وہ اسلامی دنیا کے حکمرانوںاور او آئی سی کے عملی اقدامات ہیں۔ دنیا ایک گلوبل ویلج ہے، مغرب 58اسلامی ممالک کی طاقت اور وسائل کو نظر انداز نہیں کرسکتا، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر توہین مذاہب روکنے کے لیے موثر قانون سازی کی جائے۔ جماعت اسلامی نے مسئلہ کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے دنیا میں اسلامی تحریکوں سے رابطہ کرکے جمعہ (کل )کو پاکستان سمیت مختلف اسلامی ممالک میں منظم احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا ہے۔ یوم مذمت کا مقصد مغربی حکومتوں کو پیغام دینا ہے کہ اظہار آزادی رائے کی آڑ میں جنونیوں اور دہشت گردوں کی سرپرستی نہ کی جائے بلکہ ایسے عناصر کو کڑی سزائیں دی جائیں جو دنیا کا امن تباہ کرنے اور نفرت کی آگ جلانے کا باعث بن رہے ہیں۔ پاکستان کی حکومت لفظی بیان بازی کی بجائے ٹھوس اقدامات اٹھائے، سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔ مغرب اخلاقیات کی بجائے معیشت کو زیادہ اہمیت دیتا ہے، اسلامی دنیا سویڈن سمیت تمام ایسے ممالک کا تجارتی بائیکاٹ کرے جہاں شعائر اسلام، نبی مہربان اور قرآن کریم کی تضحیک کا ارتکاب ہوا، باپردہ خواتین پر حملے بند کیے جائیں، مسلم اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ جماعت اسلامی دین کی حرمت کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مختلف ٹی وی چینلز سے انٹرویومیں کیا۔

امیر جماعت جو یوم مذمت کے موقع پر جھنگ میں ”تحفظ قرآن“ کے موضوع پر عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے کا مزید کہنا تھا کہ قرآن کریم رشد و ہدایت ہے جس کی روشنی دنیا کو منور کرتی رہے گی، مغرب کو بتانے کی ضرورت ہے کہ قرآن کریم انسانیت کی تعمیر کا پیغام ہے۔ سویڈن میں ہونے والے المناک واقعہ کا سب سے تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ اسے عدالتی اور پولیس کی سرپرستی حاصل تھی، یقینی طورپر یہ ایک فرد نہیں بلکہ ادارہ پر الزام جاتا ہے، جسے حکومتی سطح پر سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایک محتاج اور مانگنے والے ملک کی بات کو کوئی اہمیت نہیں دیتا، لیکن یہ مسئلہ قطعی طور پر مختلف نوعیت کا ہے۔ قوم کی بدقسمتی ہے کہ 75برسوں سے اس پر وہ حکمران مسلط ہیں جنھوں نے سوائے لوٹ مار کے اور کچھ نہیں کیا۔ وقت آ گیا ہے کہ لوگ اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں اور ووٹ کی طاقت سے فرسودہ نظام اور اس کے رکھوالوں کو گھر بھیجیں۔

دریں اثنا امیر جماعت کی اپیل پر جمعہ کو پاکستان سمیت ملائیشیا، ترکی، لبنان، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، مراکش اور دیگر ممالک میں یوم مذمت منایا جائے گا۔ سراج الحق نے جماعت اسلامی کے قائدین کو ہدایت اور ائمہ مساجد اور شیوخ سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے مختلف شہروں میں مساجد اور دیگر مقامات سے نکالے جانے والے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کریں۔ انھوں نے عوام سے بھی مارچز میں بھرپور شرکت کی درخواست کی ہے۔ لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کی قیادت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم کریں گے، کراچی میں امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، کوئٹہ میں امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی، پشاور میں صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور اسلام آباد میں نائب امیر میاں محمد اسلم مظاہروں سے خطاب کریں گے، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں جماعت اسلامی کے ضلعی امرا مظاہروں کی قیادت کریں گے۔