News Detail Banner

سویڈن کے سفیر کے سامنے اس معاملہ پر احتجاج ریکارڈ کروایا جائے اور مسلمانوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی جائے۔سراج الحق

1سال پہلے

لاہور  یکم جولائی 2023ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی پر انتہائی غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سویڈن کے سفیر کے سامنے اس معاملہ پر احتجاج ریکارڈ کروایا جائے اور مسلمانوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی جائے۔

منصورہ سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ناپاک حرکت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔سویڈن یا یورپ میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ سٹاک ہوم پولیس کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت دی گئی اور اس سے افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ اسلامی ممالک کے حکمران ان ناپاک حرکتوں پر کوئی جاندار موقف اپنانے میں ناکام رہے ہیں۔ یہ دنیا ایک گلوبل ویلج ہے، کوئی ملک الگ تھلگ نہیں رہ سکتا اور نہ ہی آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی اجازت ہونی چاہیے، دنیا میں دو ارب مسلمان ہیں، اٹھاون اسلامی ممالک کی ایک طاقت ہے، شعائر اسلامی کی توہین سے دو ارب مسلمانوں کے دل زخمی ہوتے ہیں اور حکمرانوں کی طرف سے نرم رویہ اور لفظی بیانات سے ان کے جذبات مزید مجروح ہوتے ہیں۔ اسلاموفوبیا مغرب میں کینسر کی طرح پھیل رہا ہے۔ انہوں نے اوآئی سی سے مطالبہ کیا کہ شعائر اسلام کی بے حرمتی پر سخت ردعمل دیا جائے اور ان حرکات کا آئندہ کے لیے مستقل بنیادوں پر قلع قمع کیا جائے، اس ضمن میں عالمی سطح پر قانون سازی کی فی الفور ضرورت ہے۔ مسلم دنیا مل کر لائحہ عمل تشکیل دیں۔