غریبوں پر مہنگائی کے ڈرون حملے جاری ہیں، وزیرخزانہ کی جانب سے سوا دو سو ارب کے مزید ٹیکسز کو مسترد کرتے ہیں، عوام کا خون نچوڑنا بند کیا جائے۔سراج الحق
1سال پہلے
لاہور24 جون 2023ء
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غریبوں پر مہنگائی کے ڈرون حملے جاری ہیں، وزیرخزانہ کی جانب سے سوا دو سو ارب کے مزید ٹیکسز کو مسترد کرتے ہیں، عوام کا خون نچوڑنا بند کیا جائے۔ 13جماعتی اتحاد نے آئی ایم ایف اور استعمار کی غلامی میں تمام حدیں پار کر دیں۔ حکومتی مراعات کم ہوئیں نہ کابینہ کا سائز، سارا بوجھ عام آدمی پر ڈالا جا رہا ہے، غیرترقیاتی اخراجات میں کمی لائی جائے، سودی معیشت اور کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دیں۔ انصاف کا بے لاگ نظام، امن اور مستحکم معیشت بہتر حکمرانی کے بنیادی انڈیکیٹرز ہیں، پاکستان 75برسوں سے تینوں سے محروم ہے۔ ملک پر ایک ہی ٹولہ کے افراد نسل در نسل حکمرانی کر رہے ہیں، وسائل پر دوفیصد اشرافیہ قابض ہے۔ حکمرانوں نے بیرون ملک جائدادیں بنانے اور اپنی اولاد کے لیے مال جمع کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا، 85فیصد آبادی پینے کے صاف پانی تک سے محروم ہے، قوم فیصلہ کرے کہ سٹیٹس کو برقرار رکھنا ہے یا ظالم جاگیرداروں اورکرپٹ سرمایہ داروں کو ہی بار بار موقع دیتے رہنا ہے، عوام کے پاس ووٹ کی طاقت ہے اس کا درست استعمال کریں، ایماندار اور اہل افراد کو آگے لائیں، بہتری کے لیے آپشن صرف جماعت اسلامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مردان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم، جنرل سیکرٹری عبدالواسع بھی مقررین میں شامل تھے۔ امیر ضلع مردان غلام رسول بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی فائرنگ اور تربت خودکش دھماکہ میں شہید ہونے والوں کے لیے مغفرت اور زخمیوں کے لیے صحت یابی کی دعا اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔
امیر جماعت نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کا نوجوان بے روزگار اور مایوس ہے۔ موجودہ اور ماضی کی حکومتوں نے صوبہ کے وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال نہیں کیا۔ خیبرپختونخواہ میں کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ ملک بھر میں مایوسی اور بے چینی ہے، عوام حالات سے تنگ ہیں، غریبوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت ہے۔ موجودہ حکومت کم از کم اپنے دور میں ہونے والی مہنگائی کو واپس لے، پٹرول کی قیمتوں میں فی لیٹر 100روپے، گیس اور بجلی کے ٹیرف میں کمی کی جائے، اشیائے خورونوش اور ادویات کے نرخ 50فیصد نیچے لائے جائیں۔ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی نے اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی کے خلاف جلوس نکالے، اب خاموش ہے۔ ثابت ہو گیا کہ موجودہ اور ماضی کی حکمران جماعتوں میں بہتری لانے کی صلاحیت نہیں، یہ ایکسپوز ہو گئی ہیں، ان کی پالیسیوں میں تسلسل ہے، انھوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے، کرپٹ نظام اور اس کے پہرے داروں سے جان چھڑانا ہو گی، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی ہی ملک کو کلین گرین کرپشن فری پاکستان بنا سکتی ہے۔
امیر جماعت نے امریکا، انڈیا مشترکہ اعلامیہ کو حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے اس ضمن میں وزیرخارجہ کے مبہم بیان پر تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے بزدلانہ بیانات کی وجہ سے پاکستان اور عوام کو یہ دن دیکھنا پڑ رہے ہیں۔ حکمران ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ملک واپسی کے لیے آج تک امریکا سے ایک لفظ نہیں کہہ سکے۔ حکمرانوں نے مل کر کشمیر کو بھارت کے حوالے کیا۔
مزیدبرآں سراج الحق نے دیرکی تحصیل مُنڈا میں سادات اور گجرخاندانوں کے درمیان دیرینہ دشمنی ختم اور دوستی میں تبدیل ہونے کے موقع پر جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی تو جرگہ کو قانونی تحفظ دیا جائے گا۔ جرگہ انسانی تہذیب کے ساتھ پروان چڑھا اور باہمی فیصلوں اور افہام و تفہیم سے مقامی مسائل حل کرنے کا بہترین فورم ہے۔ قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد بھی بیٹھک میں شریک تھی۔