News Detail Banner

سرکاری ملازمین کو بروقت تنخواہیں نہیں مل رہیں ۔امیر العظیم

10مہا پہلے

لاہور22 جون 2023ء

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو بروقت تنخواہیں نہیں مل رہیں، ایوانوںمیں بیٹھے ظالم وڈیرے، کرپٹ سرمایہ دار اپنی مراعات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کو عوام کی رتی برابر پروا نہیں، ریلوے ملازمین اور پنشنرز کو فوری طور پر واجبات ادا کیے جائیں۔ جماعت اسلامی ریلوے ملازمین کی پشتیبان ہے، ریلوے کو بیل آﺅٹ پیکیج دیا جائے، عارضی ملازمین اور ڈیلی ویجرز کو مستقل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور ریلوے سٹیشن پر ریلوے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ہونے والے احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلوے پریم یونین نے جلسے کا انعقاد کیا تھا۔ صدر پریم یونین شیخ محمد انور نے بھی مظاہرہ سے خطاب کیا۔

امیر العظیم نے ریلوے انتظامیہ کو خبردار کیاکہ اگر ملازمین کے حق میں طرز عمل نہ بدلا گیا تو جماعت اسلامی انھیں لے کر اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ 60ہزارریلوے ملازمین اور ایک لاکھ سے زائد پنشنرز کو تاحال مئی کے مہینے کی تنخواہیں نہیں ملیں، عیدقربان سرپر ہے، ملازمین کے گھروں میں فاقے ہیں۔ پی ڈی ایم حکومت اپنے وزرائ، مشیروں اور سینیٹرز کے لیے مراعات اور نوازشات کا اعلان کر رہی ہے، عوام دووقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ رائٹ سائزنگ، ڈاﺅن سائزنگ اور گولڈن ہینڈ شیک کے ناموں سے ملازمین کا قتل عام جاری ہے، وزیراعظم ملازمین کی نہیں اپنی کابینہ کی ڈاﺅن سائزنگ کرے۔

شیخ محمد انور نے کہا کہ اگر ریلوے ملازمین کو تنخواہیں نہ ملیں تو ایسا احتجاج کریں گے کہ ایوانوں میں ہلچل مچ جائے گی اور حکمرانوں کی نیندیں حرام ہو جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ ریلوے اور اس کے ملازمین کے ساتھ زیادتی بند کی جائے۔