حکمرانوں کے پاس معیشت کا علاج نہیں، یہ ملک اور قوم پر بوجھ ہیں۔سراج الحق
1سال پہلے
لاہور20 جون 2023ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے پاس معیشت کا علاج نہیں، یہ ملک اور قوم پر بوجھ ہیں۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی آگ میں جل رہے ہیں اور پارلیمنٹرینز کی مراعات میں اضافے ہو رہے ہیں۔ یونان کشتی حادثہ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کا خون حکمرانوں کے ہاتھوں پر ہے، ان کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، ڈگری ہولڈرز ملک سے بھاگ رہے ہیں۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ ظلم اور ظالم کے خلاف ووٹ کی طاقت سے جہاد کریں، جماعت اسلامی نے حکمران پارٹیوں کا ساتھ نہیں دیا، ہمیں علم تھا کہ ان کا ایجنڈا قوم کا نہیں ذاتی مفادات کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دیرپائن کی تحصیل میدان میں جمعیت طلبہ عربیہ کی طرف سے دی جانے والی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر ضلع اعزاز الملک افکاری، سابق ایم پی اے سعید گل اور صدر جے آئی یوتھ دیر پائن عتیق الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ آئی ایم ایف کے قرضوں سے ملک ترقی نہیں کر سکتا، عالمی مالیاتی ادارہ سے 22دفعہ قرض لیا گیا اور پھر اس قرض کی سود سمیت ادائیگی کے لیے مزید قرضے لیے گئے۔ قوم کو آج تک پتا نہیں چلا کہ اربوں ڈالر کے قرضے کہاں گئے، جنھوں نے قرضے لیے خود ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی دلچسپی ملک اور قوم کی فلاح و بہبود میں نہیں، لوٹنے اور بیرون ملک جائدادیں بنانے میں ہے، ان کے نام پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں آئے، انھوں نے اقتدار میں آ کر اپنے کیسز معاف کرائے، کرپشن پر پردہ ڈالا۔ جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو احتساب اور انصاف کا کڑا نظام متعارف کرائیں گے، لوٹی ہوئی دولت بیرون ملک سے واپس لائیں گے۔
امیر جماعت نے کہا کہ ملک پر مسلط سیاسی جماعتیں ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے کلبز ہیں جنھیں اقتدار میں آنے کا بار بار موقع ملامگر انھوں نے ہر دفعہ قوم کو دھوکا دیا۔ انھوں نے کہا کہ معیشت میں بہتری سودی نظام اور کرپشن کے خاتمے سے آئے گی۔ حکومت وی آئی پی کلچر، غیر ترقیاتی اخراجات ختم نہیں کر سکی۔ حکومت سنجیدہ ہوتی تو کابینہ کا سائز کم کیا جاتا، بیوروکریسی، سینیٹرز، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی مراعات ختم کی جاتیں، مگر غریب قوم پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد دیا گیا، عوام مزید قربانیاں نہیں دے سکتی۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو 75برسوں سے لوٹا جا رہا ہے، یہاں آمروں اور نام نہاد جمہوری ادوار کے تجربات ہوئے، مگرملک کو ایک دن کے لیے بھی اسلامی نظام نہیں دیا گیا جو کہ قوم کا مطالبہ ہے۔ جماعت اسلامی ہی پاکستان کو اسلامی نظام دے سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں جمہوریت کے نام پر جمہوریت کا مذاق اڑاتی ہیں۔ ملک کی غیر یقینی صورت حال، معاشی اور سیاسی بحران کے ذمہ دار موجودہ اور سابقہ حکومتیں ہیں۔انھوں نے کہا کہ صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی اللہ تعالیٰ کی مددونصرت اور عوام کی تائید سے اقتدار میں آ کر سودی نظام کا خاتمہ کرے گی، نوجوانوں کو سرکاری زمینیں دی جائیں گی، سود فری قرض دیں گے، زراعت اور چھوٹے کسان کی حالت بہتر کی جائے گی، مدارس کے لیے بجٹ میں رقم مختص کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ علما اور مدارس کے طلبہ و طالبات ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔