الیکشن کمیشن کی کراچی میں شفاف انتخابات کے انعقاد میں ناکامی پر ادارے کی پورے ملک میں الیکشن کرانے کی صلاحیت سوالیہ نشان بن گئی ہے۔سراج الحق
1سال پہلے
لاہور 14 جون 2023ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی کراچی میں شفاف انتخابات کے انعقاد میں ناکامی پر ادارے کی پورے ملک میں الیکشن کرانے کی صلاحیت سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ کراچی میں میئر کا انتخاب ہونے جارہا ہے مگر دوسری جانب منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اغوا کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کے چیئرمینوں کو پولیس کمانڈوز کے نرغے سے آزاد کروا کے انہیں ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرے۔
نصف صدی گزر گئی ہے مگر پیپلز پارٹی کی جمہوریت میں زور زبردستی، سیاسی رہنماؤں کو اغوا کرنے اور اچھے ہتھکنڈوں سے مسلط ہونے کی عادت نہیں گئی۔
سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے دوران سرکاری مشینری اور وسائل کا بے جا استعمال کیا۔ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ خود پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کے لیے اچھا نہیں ہو گا۔ ملک میں قانون، انصاف اور جمہوریت مذاق بن کر رہ گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران انہوں نے صوبہ میں سمندری طوفان کی تازہ صورتحال سے متعلق دریافت کیا اور جماعت اسلامی اور الخدمت کے کارکنان کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایا ت جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کی خدمت کی ہے جس کی پزیرائی عالمی سطح پر ہوئی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قوم کو مزید آزمائشوں سے محفوظ رکھے۔ حکمرانوں نے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے مگر حکومت کی جانب انہیں کوئی ریلیف نہیں ملا، حکومتی وعدے فراموش کردیے گئے اور عالمی امداد کا کوئی اتا پتا نہیں کہ کہاں خرچ کی گئی۔ عوام کا حکمرانوں پر اعتبار ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کہ خطرات زدہ ساحلی علاقوں سے عوام اور ان کے مال و مویشیوں کا مکمل اور بروقت انخلا یقینی بنایا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہوں یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہا ئی کے لیے بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔ جماعت اسلامی روز اول سے ڈاکٹر عافیہ کی رہا ئی کے لیے کوششیں کررہی ہے۔ہم نے ایوانوں اور عدالتوں میں بھی اس مسئلے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا اور عوامی مظاہرے بھی کئے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی دعائیں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ ہیں۔
مزید براں منصورہ کی مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ اور سابقہ حکومتیں معیشت،سیاست او ر معاشرت کی تباہی کی برابر کی ذمہ دار ہیں۔ حکمرانوں نے ملک کے جغرافیہ اور نظریہ سے غداری کی۔ دو فیصد اشرافیہ قومی وسائل پر قابض ہے۔ 98فیصد عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔ مسائل کا حل سودی معیشت، کرپشن کے خاتمے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے ممکن ہے۔ملک پر مسلط حکمرانوں سے اس کی توقع نہیں، یہ سب آزمائے جاچکے ہیں۔ صرف جماعت اسلامی ہی معیشت کو مستحکم او ر کرپشن کا خاتمہ کر سکتی ہے جس کے لیے ہمیں قوم کی تائید درکار ہے۔ کارکنان دستک مہم کے ذریعے کرپشن فری اسلامی پاکستان کا پیغا م ہر گھر تک پہنچائیں۔