ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سرتوڑ کوششیں کرنا اسلامی دنیا کے رہنماﺅں پر فرض بھی ہے اور قرض بھی حافظ محمد ادریس
1سال پہلے
لاہور 09 جون 2023ئ
مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سرتوڑ کوششیں کرنا اسلامی دنیا کے رہنماﺅں پر فرض بھی ہے اور قرض بھی ۔عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے امت خصوصی دعائیں کرے۔ پاکستانی حکمرانوں نے ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کر کے گھٹیا حرکت کی، بزدل حکمران امریکا کے سامنے لیٹ جاتے ہیں۔ عافیہ نے اپنی بہن کے ذریعے امت مسلمہ سے اپیل کی ہے کہ انھیں امریکی جیل کی جہنم سے نکالا جائے۔ حکمران ان کی پکار پر کان نہیں دھر رہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ کی جامع مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ ادریس نے کہا کہ امت مسلمہ آج دنیا میں اپنا وقار کھو چکی ہے جس کی و جہ بزدل حکمران ہیں، امت کو تعصبات پر تقسیم کیاگیا۔ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل ہوا مگر یہاں ایک دن کے لیے بھی قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہوا۔ ملک کی سیاست مفادپرستی اور گالم گلوچ کی زد میں ہے، معیشت تباہ ہو چکی ہے اور عوام ایک وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں، ان سب مسائل کا حل اسلامی نظام ہے اور صرف جماعت اسلامی ہی اس کو نافذ کر سکتی ہے۔ اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔