پاکستان کے سول اور ملٹری حکمرانوں نے ہر شعبے کو تباہ کیا، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی انہی کی وجہ سے ہے۔ راشد نسیم
1سال پہلے
لاہور 05 جون 2023ئ
نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان کے سول اور ملٹری حکمرانوں نے ہر شعبے کو تباہ کیا، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی انہی کی وجہ سے ہے۔ حکمران اشرافیہ نے قوم کے بچے بچے کو مقروض کیا۔ آج جنوبی ایشیا کے سبھی ممالک کی معیشت پاکستان سے بہتر ہے۔ حکمران اپنے کیے پر شرم کریں، قوم سے معافی مانگیں اور اختیارات سے دستبردار ہو جائیں، اسٹیبلشمنٹ بھی آئین اور قانون کی تابعداری کرے اورسیاسی انجینئرنگ کی بجائے مخلص اور محب وطن افراد کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے۔ جماعت اسلامی کی تاریخ گواہ ہے کہ اس نے ملک اور قوم کی خاطر عظیم قربانیاں دیں اور خدمت کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔ جماعت اسلامی نے مشرقی پاکستان میں قربانیاں دیں جس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج تک جماعت اسلامی کی قیادت وہاں جیلوں میں ہے اور پھانسی کے پھندوں پر لٹکائی جا رہی ہے۔ جماعت اسلامی کراچی نے ترقی کے لیے عظیم کارنامے سرانجام دیے۔ پاکستان کی سیاسی بساط پر موجود حکمران جماعتوں کی پالیسیاں یکساں ہیں، آج ایک پارٹی پر کڑا وقت آیا تو پرندے اڑ اڑ کر دوسری شاخوں پر بیٹھ رہے ہیں، یہ لوگ مفادات کے پجاری ہیں اور ایک ہی گروہ سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے ہوتے ہوئے بہتری نہیں آ سکتی۔ جماعت اسلامی کے کارکنان محنت کریں اور کرپشن فری اسلامی پاکستان کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں۔ وہ فورٹ منرو ڈیرہ غازی خان تربیتی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ امیر ضلع رشید اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔