News Detail Banner

ملک انتہائی اہم موڑ پر کھڑا ہو گیا، ایک طرف زبردست خلا ہے جو مرو وجہ سیاست اور سیاسی چال بازیوں کا نہیں، سیرت و کردار، امانت داری، دیانت داری اور اخلاص کا ہے۔ راشد نسیم

10مہا پہلے

لاہور29 مئی 2023ء

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک انتہائی اہم موڑ پر کھڑا ہو گیا، ایک طرف زبردست خلا ہے جو مرو وجہ سیاست اور سیاسی چال بازیوں کا نہیں، سیرت و کردار، امانت داری، دیانت داری اور اخلاص کا ہے۔ جن کی وکٹیں آج گر رہی ہیں وہ کل دوسروں کی وکٹیں گرا کر نعرے لگا رہے تھے، یہ ساری مروجہ پارٹیاں ایک دوسرے کی وکٹیں گرا کر جشن مناتی ہیں، لمبے عرصہ سے یہی کہانی چل رہی ہے، اداکار بدلتے ہیں، ہدایت کار ایک ہی ہے۔ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو موردالزام ٹھہراتی ہیں، ان سب کی پالیسیاں ایک ہیں، یہ ہدایت کار کے ہی سکرپٹ پر ہی عمل پیرا ہیں، عوام کو بے وقوف بنانا اور سٹیٹس کو کی حفاظت ان کی سیاست کا محور ہے، مگر اس سارے عمل میں نقصان غریب عوام اور ملک کا ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں تربیتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک بھر سے شوریٰ کے منتخب کردہ تربیتی کمیٹی کے ممبران شریک تھے۔

راشد نسیم نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور اسٹیبلشمنٹ رضا کارانہ طور پر طے کرے کہ وہ سیاستدانوں کو موقع دیں گے ان کے ساتھ مشاورت کا نظام ترتیب دے کر ملک کو اسلامی اور جمہوری نظام کے طور پر چلانے پر متفق ہوں، عوام کو صاف اور شفاف طریقے سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع دیا جائے۔ فلاح، امن، ترقی اسی سے ممکن ہو سکے گی۔

راشد نسیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے پاس امانت داری بھی ہے اور خلوص بھی۔ جماعت اسلامی کی تاریخ گواہ ہے کہ اس نے کبھی جبر اور ظلم کے سامنے سر نہیں جھکایا، جماعت اسلامی ہی اللہ کے فضل و کرم سے عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے، موجودہ حالات میں تمام سٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنے کی سبیل اپنانی چاہیے، جماعت اسلامی اس کے لیے کوشش کر رہی ہے، موجودہ خلا صرف جماعت اسلامی پُر کر سکتی ہے۔