موجودہ ملکی سیاسی،معاشی،آئینی،اخلاقی بحران کی ذمہ دار پی ٹی آئی،پی ڈی ایم،پیپلز پارٹی کی قیادت ہے۔سراج الحق
1سال پہلے
لاہور28مئی 2023ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم،پیپلز پارٹی،پی ٹی آئی ناکام ہو گئی،ملکی مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے۔موجودہ ملکی سیاسی،معاشی،آئینی،اخلاقی بحران کی ذمہ دار پی ٹی آئی،پی ڈی ایم،پیپلز پارٹی کی قیادت ہے۔انہوں نے ملک کو مہنگائی،بے روزگاری،لاقانویت،انتہا پسندی،معیشت کی تباہی کی دلدل میں پھنسا دیا ہے،قیام پاکستان کی بنیادوں میں ماؤں،بہنوں،بیٹیوں،اکابرین کے شہیدوں کا خون ہے۔کلمہ طیبہ کے نام پر بننے والے ملک میں ایک دن کے لیے بھی قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہو سکا ہے اور عدالتوں میں انگریز کا قانون چل رہا ہے سودی نظام نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ملک کی موجودہ غیر یقینی صورتحال پر ہر ذی شعور پاکستان پریشان ہے۔ ڈاکٹر عبد القدیر اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا۔ملک کو مضبوط بنانا ہے تو اسلام اور جمہوریت پر عمل کرنا ہو گا 75 سالوں میں نا حقیقی اسلامی نظام آیا اور نا ہی حقیقی جمہوریت قوم کو ملی۔پی ٹی آئی،پی ڈی ایم،پیپلز پارٹی کی سیاست آئین کی بالا دستی کے لیے نہیں بلکہ ذاتی اور خاندانی بالا دستی کے لیے ہے،تینوں پارٹیوں نے عدالتوں،نیب کو یرغمال بنایا،قومی اسمبلی میں قومی مفادات پر کوئی قانون سازی نہیں ہوئی۔پاکستان میں آج عد ل و انصاف نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس موقع پر مولانا ہدایت اللہ نائب قیم کے پی کے،مولانا تسلیم اقبال امیر جماعت اسلامی کرک،محبوب جانان امیدوار برائے صوبائی اسمبلی و دیگر بھی موجود تھے۔
سراج الحق نے کہا کہ پاناما لیکس،پنڈورا بکس میں سب جماعتیں،بیورو کریٹس،جرنیل شامل ہیں مگر جماعت اسلامی کا نام نہیں ہے ہمیں اللہ تعالیٰ نے اقتدار سے نوازا تو جماعت اسلامی کی حکومت کرپٹ حکمرانوں سے قومی دولت کی ایک ایک پائی وصول کرے گی کیونکہ انہی کرپٹ اشرافیہ حکمرانوں نے ملک کو قرضوں کی لعنت میں پھنسادیا ہے۔ملک کے زرمبادلہ آنے میں نمک کے برابر بھی نہیں رہے جبکہ انہی حکمرانوں کی جائیداوں،کارخانوں،فیکٹریوں،بنک بیلنس میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا جماعت اسلامی کی امانت دار،دیانت دارقیادت جس کا ماضی تابناک ہے اور جماعت اسلامی کو جب بھی قومی خدمت کا موقع ملا ہے تو اس کے وزرا اور ناظمین و مئیرز نے فلاحی خدمت کی ہے جو روز روشن کی طرح سب پر عیاں ہے۔انہوں نے کہا کرپٹ قیادت سے نجات حاصل کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا،تینوں بڑی پارٹیاں کرپٹ نظام کے سہولت کار ہیں ان کے ہوتے ہوئے کرپشن ختم نہیں ہو سکتی،انشا اللہ جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو ہم اسلام کا عادلانہ،منصفانہ نظام نافذ کرکے اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے اور ملک کو اسلامی و خوشحال بنائیں گے پھر پاکستان کو آئی ایم ایف،ورلڈ بنک سے امداد کی ضرورت نہیں رہے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ صوبہ خیبر پختوا نخوہ معدنیات سے مالا مال ہے،اس کے قبائلی علاقوں میں گیس موجود ہے جنوبی خیبر پی کے میں بھی معدنیات سے مالا مال ہے اس کے باوجود غربت،مہنگائی،بے روز گاری ہے جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ 18 ویں ترمیم کے بعد مرکز میں وسائل صوبے کے حوالے نہیں کیے اور جو قبائلی علاقے ضم ہو گئے اور جو وعدے کیے گئے تھے کہ قبائلی علاقوں میں 10 سالوں میں ایک ہزار ارب سالانہ 100 ارب روپے دیں گے وہ وعدے بھی پورے نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہاپی ڈی ایم کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے وقت بلند و بالا دعوے کیے کہ ہم ملکی معیشت کو بحال،ڈالر کی قیمت کو نیچے لائیں گے،ہو شربا مہنگائی کا خاتمہ کریں گے،بجلی،گیس،تیل کی قیمتیں کم کریں گے لیکن پی ڈی ایم کی حکومت پی ٹی آئی حکومت سے بھی زیادہ ناکام ثابت ہوئی ہے۔اس حکومت میں عوام کے اوسان خطا ہو گئے ہیں ڈالر 310 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ حکومت عوام پر روزانہ مہنگائی کے ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔سراج الحق نے کہا جماعت اسلامی ملک میں گھیراؤ جلاؤ،تخریب کاری کی سیاست کی مذمت اور مخالفت کرتی ہے 9 مئی کو قومی تنصیبات پر حملے پاکستان کی سالمیت پر حملے تھے۔خیبر پختو انخوہ میں تبدیلی کی دعویدار پی ٹی آئی حکومت نے صوبے کو دیوالیہ کر دیا ہے۔پی ٹی آئی دیگر سیاسی جماعتوں سے جمع شدہ کچرے کا ڈھیر ہے۔انہوں نے کہا پاکستان کے عوام ملک میں نظام مصطفی ؐ کے نفاذ،کرپشن کے خاتمے،ملک کی آزادی،خود مختاری،قومی سلامتی کے تحفظ اور اسے ایک اسلامی و خوشحالی پاکستان کے لیے آئندہ انتخابات میں ووٹ کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔انشا اللہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ کر کے اسے حقیقی معنوں میں قائد اعظم محمد علی جناح ؒاور علامہ محمد اقبال ؒ کا پاکستان بنائے گی۔