جماعتِ اسلامی کا عزم ہے کہ ہم اللہ کی مدد اور عوام کی طاقت سے حالات بدلیں گے اور پاکستان میں بابرکت اسلامی انقلاب لائیں گے۔لیاقت بلوچ
1سال پہلے
لاہور25 مئی 2023ء
نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی، انتخابی، قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے پشاور میں انتخابات 2023ء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ آئین، قانون، اْصول و انصاف کی پاسداری کی جائے ٹِٹ فار ٹیٹ کے بدنما روِش کو اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ریاستی ادارے باہم دست و گریباں ہیں جس کا سب سے بڑا نقصان پاکستان اور عوام کو ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر، رشوت، کرپشن اور میرٹ کی پامالی کی چکی میں پِس رہے ہیں لیکن قومی قیادت کو اپنے مفادات عزیز ہیں۔ عوام کو اذیت کے جہنم کا ایندھن بنادیا گیا ہے۔ 75 سال سے مسلسل غلطیوں نے سیاسی قیادت، مقتدر ریاستی اداروں، اعلیٰ عدلیہ اور سِول بیوروکریسی کو ننگا کردیا ہے۔ عوام کے اندر شدتِ انتقام اور خوفناک ردعمل کا زہر بھردیا گیا ہے۔ معاشی بدحالی، ناانصافی، کرپشن اور مفادپرستی 25 کروڑ عوام پر مسلط کردی گئی ہے۔ جماعتِ اسلامی کا عزم ہے کہ ہم اللہ کی مدد اور عوام کی طاقت سے حالات بدلیں گے اور پاکستان میں بابرکت اسلامی انقلاب لائیں گے۔
لیاقت بلوچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25 مئی یومِ تکریمِ شہداء پر پوری قوم متفق ہے۔ افواجِ پاکستان اور سِول سیکیورٹی فورسز کے افسران، جوانوں کی شہادتیں ملک و مِلت کا فخر اور لائقِ تعظیم و تشکر ہیں۔ 09 مئی کے بدنما ہولناک واقعات نے شہداء کے خاندانوں کے دِل دْکھا دیے۔ شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین اور شہداء کی عظمت کے تحفظ کے لیے قومی وحدت ناگزیر ہے۔ افواجِ پاکستان کی پشت پر عوامی تائید اور محبت ہی مضبوط دفاع کی ضامن ہے۔ شہداء کی تکریم کا دِن منانا بھی ضروری ہے لیکن تمام اسٹیک ہولڈرز جذباتی شدت اور ردعمل کے ہولناک نتائج پر گہرا غور و فکر کریں۔ آئین کی پاسداری، پارلیمنٹ، افواجِ پاکستان، اعلیٰ عدلیہ اور انتظامی اداروں کے آئینی دائروں کی پابندی اور عوامی اعتماد کی بحالی، بییقینی کے خاتمہ کے لیے 2023ء کے انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔ شفاف اور غیرجانبدرانہ انتخاب ہی سیاسی بحرانوں کا حل ہے۔ یومِ آزادی 14 اگست کو ایک دِن عام انتخاب اور شفاف و غیرجانبدارانہ انتخاب سے نئے سفر کا آغاز کیا جائے۔