سب کا ایمان ہے کہ زندگی وموت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ موت کے ڈر سے بندہ اپنے فرائض کو کبھی ترک نہیں کرتا۔ حافظ محمد ادریس
1سال پہلے
لاہور24 مئی 2023ء
جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے منصورہ میں امیر جماعت کی خیریت دریافت کرنے کے لیے آنے والے مہمانوں کا استقبا ل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب کا ایمان ہے کہ زندگی وموت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ موت کے ڈر سے بندہ اپنے فرائض کو کبھی ترک نہیں کرتا۔ موت اپنے طے شدہ وقت سے ایک لمحہ آگے پیچھے نہیں ہوسکتی۔ ہم ان تمام مہمانوں کا طے دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر خودکش حملے کی مذمت کی اور ہمدردی ِ،خیر سگالی کے لیے منصورہ آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت سنجیدگی سے دہشت گردی کی اس لہر سے جس نے ملک سمیت بلوچستان کو اپنے گرفت میں لے رکھا ہے قابو کرے اورتمام دہشت گرد کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ بزرگ عالم دین مولانا ملک عبدالرؤف اوران کے ساتھیوں سے بات کرتے ہوئے حافظ ادریس نے کہا کہ آپ بزرگوں کی دعائیں ہمارا اثاثہ ہیں ہم ہمیشہ امیر جماعت اور دیگر قائدین کو ملک بھر میں دوروں پر جاتے ہوئے اللہ کے سپرد کرتے ہیں۔زندگی اللہ کی امانت اور اسی کی دولت ہے ان کی زندگیوں کا مقصداعلائے کلمتہ اللہ ہے اور یہ اپنا سب کچھ اللہ کے ہاتھ بیچ چکے ہیں۔اللہ کا شکر ہے کہ اس نے خطرناک حملے میں اپنے مخلص اور درویش بندے کی حفاظت فرمائی، اللہ آئندہ بھی اپنی رحمت و حفاظت کا سایہ رکھے۔