جماعتِ اسلامی آئین کے تحفظ، آئین کے مطابق پورے ملک میں ایک دِن انتخابات اور سیاسی محاذ آرائی کے خاتمہ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ لیاقت بلوچ
1سال پہلے
لاہور24 مئی 2023ء
نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں مجلس وحدتِ مسلمین کے چیئرمین راجہ ناصر عباس جعفری اور سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی سے ملاقات کی، ملکی حالات اور ملی یکجہتی کونسل کے اْمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی انتخابی اور قومی اْمور پر مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی آئین کے تحفظ، آئین کے مطابق پورے ملک میں ایک دِن انتخابات اور سیاسی محاذ آرائی کے خاتمہ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہمارا یقین اور ایمان ہے کہ پاکستان اسلامی نظام کی تجربہ گاہ بننے کے لیے وجود میں آیا ہے۔ پاکستان کی ترقی و استحکام کا دار و مدار آئین کی بالادستی، اسلامی جمہوری اصولوں پر کاربند رہ کر ہی ممکن ہے۔ پاکستان کی سیاسی، معاشی اور انتظامی زندگی پر جو قیادت مسلط ہے، ناکام ہے۔ عوام اِن سے مطمئن نہیں۔ عوام بیزار ہیں اور نجات چاہتے ہیں۔
لیاقت بلوچ سے پی ٹی آئی کے لاپتہ اور اسیر کارکنان کے خاندانوں کے افراد نے ملاقات کی اور صورتِ حال سے آگاہ کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ عام فرد اور ریاستی اداروں کی آئین اور قانون کی پاسداری کرنا برابر کی ذمہ داری ہے۔ 75 سال کی تاریخ گواہ ہے کہ فرد، گروہ، پارٹی یا ریاست لاقانونیت کا راستہ اختیار کرے تو نقصان سب کا ہوتا ہے۔ گرفتار سیاسی کارکنان کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق برتاؤ کیا جائے، بے گناہ گرفتار کارکنان کو رہا کیا جائے۔ یہ امر بالکل واضح اور حقیقت ہے کہ 09 مئی کے سانحات نے حالات یکسر بدل دیے ہیں۔ افراجِ پاکستان کی عزت، احترام اور محبت کا رشتہ ہمیشہ قائم رہنا چاہیے۔ عوام اور ریاست کے اداروں میں تعلقات اور احترام کے رشتہ کا ضامن آئینِ پاکستان ہے۔ سیاسی جماعتوں اور قائدین کی قومی ذمہ داری ہے کہ 2023ء کو انتخابات کا سال بنانے کے لیے ضِد، انا، ہٹ دھرمی چھوڑ دیں۔ سیاسی بحرانوں کا سیاسی حل تلاش کریں، وگرنہ سب کے ہاتھ کچھ نہیں رہے گا۔