اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ خطے کے عوام نے اپنے حق خود ارادیت سے کرنا ہے۔ آصف لقمان قاضی
1سال پہلے
لاہور22 مئی 2023ء
ڈائریکٹر جماعت اسلامی امور خارجہ آصف لقمان قاضی نے قوم اور جماعت اسلامی کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے جی 20 ممالک کے پاکستان میں موجود سفیروں کو خط لکھا ہے جس میں سری نگر میں ہونے والے جی 20 سیاحتی گروپ کے اجلاس کو بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کو جائز قرار دینے کی چال قرار دیتے ہوئے تمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ متنازعہ علاقہ میں اجلاس میں شریک نہ ہوں۔
آصف لقمان قاضی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ خطے کے عوام نے اپنے حق خود ارادیت سے کرنا ہے۔ بھارت نہ صرف مقبوضہ علاقہ کے عوام کو ان کا بنیادی حق دینے سے مسلسل انکاری ہے بلکہ اگست 2019 میں اس نے عالمی اور دوطرفہ معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی ختم کی جس کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں مزید اضافہ ہوا جن کا ذکر اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی رپورٹس میں واضح ذکر موجود ہے۔
آصف لقمان کا کہنا ہے کہ دنیا کے آزاد مبصرین نے مقبوضہ وادی میں بھارت کی جانب سے کشمیری مسلم آبادی کی اکثریت کو ہندو آبادکاری سے اقلیت میں بدلنے کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز حریت کانفرنس جو کشمیری عوام کا نمائندہ سیاسی فورم ہے نے بھی سری نگر میں جی 20 ٹورازم کانفرنس کے انعقاد پر اعتراض اٹھائے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے چین، ترکی، سعودی عرب اور مصر کی جانب سے کشمیر پر اصولی موقف اپنانے پر اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔