کراچی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی ووٹ بنک اور یوسی سیٹوں کے حوالے سے پہلے نمبر کی پارٹی بنی ہے۔لیاقت بلوچ
1سال پہلے
لاہور13 مئی 2023ء
نائب امیر جماعت اسلامی، سیاسی، انتخابی، قومی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کراچی، ساہیوال، لاہور میں عوامی ورکرز کنونشن، معززین کے اعزاز میں عید ملن تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت مذاکرات کی اہمیت کو جاننے کے باوجود ضد، انا، ہٹ دھرمی اور شخصی مفادات کے گرداب میں مبتلا ہونے کی وجہ سے تباہی کے غار اور ملکی عدم استحکام میں تیزی کا سبب بن رہے ہیں۔ پارلیمنٹ، عدلیہ اور فوجی اسٹیبلشمنٹ آمنے سامنے آکھڑے ہوئے ہیں، آئین، قانون انصاف کا خون ہورہا ہے، حالات کو سنبھالنا قومی سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے، جماعت اسلامی سیاسی بحران کے حل اور قومی سیاسی انتخابی مفاہمت کے لیے اپنا قومی فرض ادا کرنے کی کوشش جاری رکھے گی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاست میں گرفتاریاں سیاسی جمہوری مزاحمت میں لازم و ملزوم ہیں، گرفتاریوں میں سیاست دان کبھی مسلح مزاحمت نہیں کرتے، حکومتوں اور اسٹیبلشمنٹ کی زیادتیوں کا جواب سیاسی جمہوری مزاج سے دیا جاتا ہے، عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاج پی ٹی آئی کا حق تھا لیکن اس حق کے استعمال کو پر تشدد اور انہونے واقعات کے ذریعے جمہوریت، عدلیہ اور انتخابات کے لیے بڑے خطرات کا سبب بنادیا گیا ہے۔ لیڈر لیس احتجاج میں نہ جانے کون کونسے ہاتھ داخل ہوجاتے ہیں جو بڑی تباہی کا سبب بنتے ہیں، حالیہ بحرانوں نے عیاں کردیا ہے کہ پاپولر سیاسی جماعتیں سیاسی جمہوری آئینی انتخابی حقوق کے حصول کی بجائے پرتشدد اور لاقانونیت کے جتھے بن گئے ہیں، سیاسی بحرانوں کا حل سیاسی مذاکرات ہی ہوتے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی ووٹ بنک اور یوسی سیٹوں کے حوالے سے پہلے نمبر کی پارٹی بنی ہے، کراچی کے عوام نے ترازو نشان کا ساتھ کراچی کی تعمیرنو کے لیے دیا ہے، کراچی میں عوامی مینڈیٹ ہر شب خون اور غیر جمہوری طریقے سے زبردستی حکومتی طاقت سے میئر کا حصول کراچی کے عوام کیساتھ دھوکہ ہے، پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری یہ جان لیں کہ کراچی میں پی پی پی کا میئر لانا خواہش ہوسکتی ہے لیکن یہ کراچی کے عوام کیساتھ وفا نہیں ہوگی۔ کراچی جیسے میگا سٹی کے میگا مسائل کے حل کے لیے ناگزیر ہے کہ پی پی پی، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتیں جماعت اسلامی میئرشپ پر اتفاق کرلیں اور کراچی کی تعمیرنو کے لیے اخلاص کے ساتھ کمربستہ ہوں 18مئی کو سپریم کورٹ میں گوادر کے قائد مولانا ہدایت الرحمن کی ضمانت کی تاریخ ہے، بلوچستان کے عوام توقع رکھتے ہیں کہ سپریم کورٹ دوہرا معیار ختم کرے گی۔