News Detail Banner

عمران خان کی گرفتاری سے ماحول مزید تلخ ہو گیا ہے۔ سیاسی انتہاپسندی ملک کےلیے تباہ کن ہے۔سراج الحق

1سال پہلے

لاہور  09مئی2023 ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مہنگائی کے طوفان کے خلاف لاہور کے گلیوں، محلوں سے احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ میں بنیادی ضروریات زندگی، بجلی، گیس، اشیائے خورونوش پر سبسڈی بحال کی جائے، پٹرول کی فی لٹر قیمت میں سو روپے، ادویات کے ریٹس میں پچاس فیصد کمی کی جائے، سول ملٹری بیوروکریسی کے ریٹائرڈ افسران کی بجائے خالی آسامیوں پر بے روزگار پی ایچ ڈی سکالرز اور دیگر ڈگری ہولڈرز نوجوانوں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور گیس، بجلی میٹروں کے کرائے ختم کیے جائیں۔ حکمران غیر ترقیاتی اخراجات اور فوج ظفر موج کے ہمراہ غیر ملکی دورے اور عیاشیاں بند کریں، بیوروکریسی اور حکومتی اہلکاروں کے لیے مفت بجلی، گیس، پٹرول کی سہولیات ختم کی جائیں اور بیرون ملک سے دولت واپس لائی جائے۔ مطالبات تسلیم نہ ہوئے اور حکومت نے آئی ایم ایف کے احکامات کی بجاآوری میں غریبوں کا گلہ گھونٹنا جاری رکھا تو جماعت اسلامی احتجاجی تحریک کے حتمی مرحلے پر اسلام آباد کا رخ کرے گی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائے گی۔ ملک میں جاری سیاسی و آئینی بحران سے معیشت تباہ ہوچکی ہے جس کے براہ راست متاثرین سیاسی رہنما یا وی آئی پی طبقات نہیں ملک کے کروڑوں عوام ہیں جن کے لیے حالات ناقابل برداشت ہوچکے ہیں، خودکشیاں بڑھ رہی ہیں، ڈپریشن کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے، لوگوں کے لیے بچوں کا پیٹ پالنا، انہیں سکول بھیجنا اور بجلی گیس کے بل جمع کروانا ناممکن ہوگیا، روٹی، نان کی قیمت تیس روپے ہوگئی، روزانہ بجٹ آتا ہے، پریشانی، مایوسی اور حالات کی تنگی سے لوگوں کے چہرے زرد ہوئے پڑے ہیں، لاہور میں 21 مئی اور پشاور میں 24 مئی کو احتجاجی ریلیاں ہوں گی،باقی شہروں میں احتجاج کا تفصیلی شیڈول آئندہ چند دنوں میں جاری کردیا جائے گا۔

منصورہ میں سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر اور امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے 7 مئی کو کراچی بلدیاتی ضمنی انتخابات کے دوران سندھ حکومت کی جانب سے دھاندلی، غنڈہ گردی، جماعت اسلامی کے کارکنان پر تشدد، سرکاری مشینری اور انتظامیہ کا استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ کراچی کے شہریوں کے مینڈیٹ جو انہوں جماعت اسلا می کو دیا ہے کا ہرحال میں تحفظ کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی نے کراچی کی ماضی میں بھی خدمت کی، آئندہ بھی کرے گی، شہر کی روشنیوں اور ترقی کو واپس لائیں گے۔ اعتماد پرشہر کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد اور شاباش دیتا ہوں۔ الیکشن کے دوران سندھ کی حکمران جماعت کراچی سے باہر کے غنڈوں کو پولنگ سٹیشن لائی جن کے تشدد سے جماعت اسلامی کے 19 کارکنان شدید زخمی ہوئے۔ تمام تر شرپسندی کے باوجود کارکنان نے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں جن پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی کے باربار مطالبات اور خدشات کے باوجود الیکشن کے دوران مناسب سیکیورٹی کا بندوبست نہیں کیا گیا۔ سیکیورٹی ادارے اورپولیس تماشا دیکھتی رہی اور شرپسندی اور تشدد میں ملوث تاحال کسی بھی فرد کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری نبھانے میں مکمل ناکام رہا۔ پیپلز پارٹی نے ثابت کیا کہ وہ جمہوریت اور جمہوری اقدار کی محض دعوے دار ہے۔ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے انہی رویوں کی وجہ سے جمہوریت ڈی ریل ہوئی اور ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔

سراج الحق نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ پی ٹی آئی کے چئرمین کی گرفتاری سے الیکشن کے لیے مذاکرات کا عمل متاثر ہوگا،سیاسی عمل مزید تلخ ہوگیا ہے، تاہم جماعت اسلامی نے پہلے بھی کوشش کی کہ سیاسی جماعتوں کو الیکشن ایجنڈے پر مذاکرات کی میز پر لایا جائے اور اب بھی یہ کوششیں جاری رکھے گی۔ جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے کہ قومی انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں اور یہ کہ ادارے نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کو ہی سیاسی بحرانوں کا حل نکالنا پڑے گا۔ ہم نے انتخابات کے لیے سپریم کورٹ میں روڑمیپ بھی دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں تاہم ہر شخص کو حق دفاع ملنا چاہیے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ خواہ وہ پی ٹی آئی کے دور میں ہو یا اب، احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی ہے، احتساب کے نام پر انتقام کی روایت ختم ہونی چاہیے، نیب کی کارروائیوں کی ساکھ پہلے ہی ختم ہوچکی ہے،ہم چاہتے ہیں سب کا بے لاگ احتساب ہو۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گیس میٹروں پر پانچ سو روپے ماہانہ کرایہ کے نفاذکے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔