پیپلز پارٹی ہمیشہ دھاندلی، لابنگ اور خریدوفروخت کے ذریعے اقتدار میں آنے کی کوشش کرتی ہے۔سراج الحق
1سال پہلے
لاہور 08مئی2023 ء
امیر جماعت اسلامی سر اج الحق نے کہا ہے کہ کراچی بلدیاتی ضمنی انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی نے بدترین دھاندلی کرکے ثابت کیا کہ سندھ کی حکمران جماعت دھاندلی پارٹی ہے جس کا جمہوریت اور جمہوری اقدار سے کوئی لینا دینا نہیں۔ اتوار کو ووٹنگ کے دوران سندھ حکومت کی جانب سے تمام اخلاقی و قانونی حدود کی پامالی کی گئی، پولنگ سٹیشنوں پر کراچی سے باہر کے غنڈوں کو لایا گیا اور بیلٹ باکسسز کو جادو کے ڈبوں میں تبدیل کردیا گیا، پولنگ عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج میں ردو بدل کی گئی، فارم میں نتائج کچھ اور بعد میں اعلانات ان کے برعکس کئے گئے۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں پر تشددکیا گیا اور انہیں بدترین دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیااور پولنگ عمل کے دوران اور بعد میں دہشت گردانہ حربے استعمال کیے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شر پسند عناصر کیخلاف تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا گیا،غنڈہ گردی میں ملوث افراد کو گرفتار نہ کرنا قابل مذمت ہے۔ماضی میں بھی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایسے عناصر کیخلاف کاروائی نہیں کی۔
منصورہ سے جاری بیان میں سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ دھاندلی، لابنگ اور خریدوفروخت کے ذریعے اقتدار میں آنے کی کوشش کرتی ہے، لوگوں کی رائے کو قبول کرنا اس کی سرشت میں نہیں، ماضی میں انہیں رویوں کی وجہ سے جمہوریت ڈی ٹریک ہوئی اور ملک کوناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو مسترد کیا۔ الیکشن کے دوران سرکاری وسائل، انتظامیہ کا بے جا استعمال،خریدوفروخت اور دیگر ناجائز ہتھکنڈے استعمال کر کے پیپلز پارٹی نے ثابت کیا کہ یہ جماعت پورے ملک میں تو کْجا ایک شہر میں بھی جمہورکی آواز سننے کو تیار نہیں۔ شہر کے حقیقی مینڈیٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش باعث شرم ہے، جماعت اسلامی اسے مسترد کرتی ہے اور پورے فعل کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ جماعت اسلامی ایسے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا جس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ کراچی کی رائے کے تحفظ کو ہرحال میں یقینی بنایا جائے گا۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاسی جدوجہد ملک میں جمہوریت، آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ہے۔ ہم عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ کراچی کے عوام کی ماضی میں بھی خدمت کی، آئندہ بھی کریں گے اور شہر کی روشنیوں کو بحال کریں گے۔ جماعت اسلامی کراچی سمیت پورے ملک کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
بعد ازاں منصورہ میں قائدین کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ قومی انتخابات ہیں۔جماعت اسلامی نے سیاسی جماعتوں کو الیکشن پر رضا مند کرنے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا اور ہم اس سلسلے میں رابطے جاری رکھیں گے۔جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ عوام ہی ملک کے اصل وارث اور انہیں ہی فیصلے کا آخری اختیار ملنا چاہیے تاکہ وہ اپنے لیے ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو عوام کو موجودہ مہنگائی،بد امنی اور بے روزگاری کے چنگل سے نکال کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی و فلاحی ریاست بنا سکے۔انہوں نے کہا جماعت اسلامی نے سب سے پہلے منشور دیا ہے،ہم نے عوامی بیداری کے لیے دستک مہم کا آغاز بھی کیا ہے،اللہ تعالیٰ کی مدد ونصرت اور قوم کی تائید سے اقتدار میں آکر منشور پر مکمل عملد ر آمد یقینی بنائیں گے۔
میٹنگ میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم،ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر،اظہر اقبال حسن،سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف،امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری اور ناظم سوشل میڈیا سیکشن شمس الدین امجد نے شرکت کی۔