News Detail Banner

تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں لاکھوں کروڑوں کے عوض ٹکٹیں فروخت کر رہی ہیں۔راشد نسیم

11مہا پہلے

لاہور25 اپریل 2023ء

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں لاکھوں کروڑوں کے عوض ٹکٹیں فروخت کر رہی ہیں، ریاست مدینہ کی دعویدار سب سے آگے ہے۔ ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ،پیپلزپارٹی اور دیگرکئی جماعتیں ایک ہی قسم کے کلچر اور روایات کی جھنڈا بردار ہیں، ان سب کا مشن ہے کہ ملک میں لوٹ مار جاری رہے اور پاکستان ایک اسلامی فلاحی ریاست نہ بن پائے، جب ایک فرد کو کروڑوں کے عوض ٹکٹ دیا جائے گا تو ظاہری طور پر وہ الیکشن جیت کر عوام کی جیبوں اور قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرے گا، اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں کہ جماعت اسلامی ان خرافات سے پاک ہے، جماعت اسلامی اہلیت، ایمان داری اور دیانت داری کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ٹکٹ تقسیم کرتی ہے۔ جماعت اسلامی مروثیت، اقربا پروری سے پاک ہے جس میں تمام کارکنوں کو میرٹ پر آگے بڑھنے کے مواقع دستیاب ہیں۔ جماعت اسلامی کے پیش نظر حقیقی تبدیلی لانا ہے اور یہ تبدیلی صرف اور صرف اسلامی نظام سے آ سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لیاقت آباد میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی کے تنظیمی علاقہ ناظمین مسعود علی، شہاب الدین اور حالیہ بلدیاتی الیکشن میں منتخب یوسی ناظمین اویداحمد خان، حافظ ارشاد، یونس بندھانی اور معین عباس مدنی بھی اس موقع پر موجود تھے۔