News Detail Banner

رب کائنات کا اٹل اُصول ہے کہ انفرادی، اجتماعی اور ریاستی اُمور پر اُسی کا حکم جاری و ساری ہونا چاہیے۔لیاقت بلوچ

1سال پہلے

لاہور30 مارچ 2023ء

نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں وفود سے ملاقات، قرطبہ سٹی لیبر و افسران افطار ڈنر اور پیکو روڈ افطار کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رب کائنات کا اٹل اُصول ہے کہ انفرادی، اجتماعی اور ریاستی اُمور پر اُسی کا حکم جاری و ساری ہونا چاہیے۔ احکامِ خداوندی کی پامالی کا انجام انتشار، فساد، فتنے اور آزمائش ہیں۔ ماہِ رمضان المبارک پوری اُمت میں اتحاد، نظم و ضبط اور ملی یکجہتی کے رشتے مضبوط کرنے کے لیے ہے۔ اقامتِ دین ہر مسلمان پر فرض ہے۔ اللہ کے دین کا غلبہ ہی بحرانوں سے نجات کا پائیدار راستہ ہے۔

لیاقت بلوچ نے علماء و مشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مساجد، منبر و محراب اور خانقاہوں سے کروڑوں عقیدت مندوں کی وابستگی بہت بڑی طاقت ہے۔ اسلامیانِ پاکستان میں انتشار، فساد، شدّت، انتہا پسندی کے مقابلہ میں علماء کرام اور مشائخِ عظام بڑا کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ دردِ مشترک اور قدرِ مشترک ہی قابلِ عمل اور کامیاب لائحہ عمل ہے۔ دُکھی انسانیت اور پریشان حال لوگوں کی اصلاح اور رہنمائی ہی وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ مخیّر حضرات بڑے پیمانہ پر دسترخوانوں، عوامی افطار و سحری کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ اُمت میں بیداری، احساس اور حُبِّ رسولؐ کی روشنی ہے۔ ماہِ رمضان انسانی ہمدردیوں کا مہینہ ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاست، ریاست، حکومت اور جمہوریت بدترین بحرانوں سے دوچار ہے۔ سیاست دان ہی سیاسی مسائل کا سیاسی حل تلاش کرسکتے ہیں۔ عدلیہ کو سیاسی مسائل میں اُلجھاکر بڑی تقسیم سے دوچار کردیا گیا ہے۔ آئین سے آرٹیکل (b)58-2 نکل گیا لیکن اِس کی بدروح ابھی مقتدر ایوانوں میں مٹرگشت کررہی ہے۔ اَنا، ضِد، ہٹ دھرمی کو ترک کرکے سیاسی قیادت قومی ڈائیلاگ کرے اور چیف جسٹس آف پاکستان آئینی، سیاسی، قومی مسئال پر فُل کورٹ کو ہی ترجیح دیں۔ چیف جسٹس اور سینئر ترین ججوں کا فیصلہ سیاسی استحکام لائے گا اور عوامی اعتماد بحال ہوگا۔ اتحادی حکومت کی موجودہ حالات میں آئین کی حدود سے بچاؤ کے لیے قانون سازی متنازعہ ہی رہے گی۔ حکومت کے چل چلاؤ کے ایّام ہیں۔ وہ اپنے آپ کو اور زیادہ خراب کرنے کی بجائے بحرانوں کا حل تلاش کرے اور مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر، پیداواری لاگت اور شرح سُود کے بدترین اضافہ میں دبے عوام کا احساس کرے، عوام کو ریلیف دے۔ مفت آٹا نے مفت میں حکومت کی تذلیل کردی ہے۔