ڈاکٹر نذیر احمد شہید12فروی1922ء کو ضلع جالندھر کے مقام انوکھروال میں پیدا ہوئے اور 8جون 1972ء کو ڈیرہ غازی خان میں شہید ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اینگلو مڈل اسکول پھرالہ اور پھر گورنمنٹ ہائی سکول راجن پور سے حاصل کی۔ مزید تعلیم کے لیے ایمر سن کالج ملتان چلے گئے۔ کالج میں دوران تعلیم ساتھی طلبہ کی تعمیر کردار کے لیے اپنے طور پر ایک تنظیم "جمعیت اسلامی" کے نام سے قائم کی۔ 1945ء میں ایف اے کی تعلیم ادھوری چھوڑ کر سنٹرل ہومیو پیتھک کالج لاہور میں داخلہ لیا.انہی دنوں مولانا مودودی کی دعوت سے متعارف ہوئے اور اپنی تمام صلاحیتوں کو جماعت اسلامی کے لیے وقف کردیا۔ 1946ء میں صوبہ بہار کے امدادی کیمپوں میں خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں سید مودودی کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان کو مرکز دعوت و تبلیغ بنایا اور کسب معاش کے لیے ہومیو پیتھک پریکٹس شروع کی۔مرحوم انتہائی بے باک،مخلص اور جری انسان تھے۔شخصی خوبیوں اور عظمت کردار کے باعث عوام میں اس قدر مقبول تھے کہ 1970ء میں جاگیرداروں اور سرداروں کے مضبوط گروپ کو شکست دے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔1962ء سے1970ء تک تیرہ مرتبہ گرفتار ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں آپ کو گولی مار کر شہید کردیا گیا۔ مختلف اوقات میں جماعت اسلامی کے مقامی اور ضلعی امیر، مرکزی مجلس شوریٰ اور مجلس عاملہ کے رکن اور صوبہ پنجاب کے نائب امیر رہے۔ مرحوم شعر بھی کہتے تھے۔ ڈاکٹر نذید شہید کے مکاتیب کا مجموعہ"لب زنداں" شائع ہوچکا ہے۔