ڈاکٹر فرید احمد پراچہ

ڈاکٹر فرید احمد پراچہ

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان

ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے ایک اعلیٰ علمی گھرانے میں آنکھ کھولی۔ آپ اپریل 1950ء کو سرگودھا میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد مولانا گلزار احمد مظاہری ملک کے معروف عالم دین، مایہ ناز خطیب اور جماعت اسلامی کے اعلیٰ علمی مقام رکھنے والے صف اول کے رہنماء، مجلس شوریٰ کے رکن اور جمعیت اتحاد العلماء پاکستان کے مرکزی صدر تھے۔ آپ کے والد گرامی نے لاہور میں ایک اعلیٰ نوعیت کا علمی و تربیتی ادارہ "علماء اکیڈمی" کے نام سے قائم کیا، جس سے فارغ التحصیل علماء کرام پاکستان میں ہی نہیں بلکہ شرق و غرب میں دینی خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور مولانا مظاہری کے اتحاد امت مشن کے نقیب ہیں۔ 

ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کو بچپن سے ہی دینی ماحول میسر تھا تو دینی تعلیم کی طرف شغف کی وجہ سے قرآن و حدیث کے علوم حاصل کیے۔ جامعہ قاسم العلوم سرگودھا سے دینی تعلیم حاصل کی اور ادیب عربی اور عالم عربی کے امتحانات بھی لاہور بورڈ سے پاس کیے، جس سے عربی اور دینی علوم میں مہارت و شغف مزید پختہ ہو گیا۔ بعد ازاں پنجاب یونی ورسٹی سے 1975ء میں ایل ایل بی اور 1976ء میں جامعہ ھٰذا سے ہی علوم اسلامیہ میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ جس کے بعد جامعہ پنجاب سے ہی پی ایچ ڈی(ڈاکٹریٹ) کی ڈگری بھی حاصل کی۔ 

آپ نے دینی و دنیاوی تعلیمی مصروفیات کے دوران دینی مدارس کی ملک گیر تنظیم جمعیت طلبہ عربیہ اور کالجز، یونی ورسٹیز کی تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ میں بھی فعال کردار ادا کیا۔ اسی دوران آپ 75۔1973ء میں سٹوڈنٹ یونین جامعہ پنجاب کے صدر بھی رہے۔ جماعت اسلامی میں شمولیت کے بعد دینی اور سیاسی محاذ پر نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے مختلف تنظیمی، سیاسی و سماجی ذمہ داریوں (عہدوں) پر کام کیا۔ علماء اکیڈمی منصورہ لاہور سمیت متعدد تعلیمی اداروں کے سربراہ بھی ہیں جب کہWAMY(ورلڈ اسمبلی آف مسلم یوتھ) سعودی عرب کے ممبر کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

پارلیمانی سیاست کے حوالے سے 1990ء میں لاہور سے ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔ تمام قومی و سیاسی تحریکوں، تحریک ختم نبوت، تحریک نظام مصطفیٰ، تحریک تحفظ ناموس رسالت، ایوبی و بھٹو کی آمریتوں کے خلاف 16 مرتبہ پابند سلاسل رہے۔ 2002ء میں متحدہ مجلس عمل کی طرف سے لاہور کے حلقہ این اے 121 سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ بحثیت رکن اسمبلی، قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ سوالات، تحاریک التواء، توجہ دلاؤ نوٹس، قرار دادیں اور پرائیویٹ بل پیش کرنے والے رکن قرار پائے۔ اپنے حلقہ میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام کرائے۔ حلقہ کے عوام کی خوشی و غم میں ہمیشہ شریک رہتے ہیں اور رابطہ رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ایک بہترین مربی، مدرس، خطیب اور صاحب طرز ادیب ہیں۔آپ کی مختلف کتابوں میں پانچ سفرنامے، سفر شوق(سفرنامہ حج)، سارا جہاں ہمارا(سفرنامہ یورپ، امریکہ)، یہ فاصلے یہ رابطے(سفرنامہ امریکہ، کشمیر، افغانستان، ناروے، برطانیہ )، سفرنامہ ترکی اور ہواؤں کے سنگ(چین، بنگلہ دیش، ایران اور کینیڈا) شامل ہیں۔ ان سفرناموں کے علاوہ آپ کی دیگر کتب تدریس القرآن، تدریس الحدیث، عربی زبان و ادب، مطالعہ مذاہب عالم، ایک تحریک ایک انقلاب، سید مودودیؒ کے سیاسی افکار(مقالہ پی ایچ ڈی) شامل ہیں۔ آپ بیسیوں قومی و بین الاقوامی ٹی وی و ریڈیو چینلز پر اب تک 3 ہزار سے زائد ٹی وی ٹاک شوز و دیگر دینی و سیاسی پروگرامات میں شرکت کر چکے ہیں اور اپنی بات مدلل و دل نشیں انداز میں پیش کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔