اسد اللہ بھٹو

اسد اللہ بھٹو

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان

اسد اللہ بھٹو 1946ء میں سکھر شہر میں پیدا ہوئے۔ 1967ء میں اسلامیہ کالج سے بی اے کیا جب کہ 1969ء میں بدر عالم لاء کالج سکھر سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی، اس کے بعد سوشیالوجی(عمرانیات) میں ماسٹر کی سند حاصل کی۔ دسمبر 1970ء سے شعبہ وکالت سے وابستہ ہیں۔ 

آپ بچپن سے ہی تعلیمی و سماجی سرگرمیوں کی طرف مائل تھے۔ ساتویں کلاس میں ”انجمن شوق اسلام“ نامی بچوں کی تنظیم کے بانی صدر منتخب ہوئے، جس کا مقصد طلبہ میں شوقِ علم اور محبت اسلام پیدا کرنا تھا۔ غریب بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور روزگار کی فراہمی کے لیے 1966ء میں ”سٹیزن سوشل ویلفیئر سوسائٹی“ بنائی۔ سوسائٹی کے زیر اہتمام  سٹیزن کوچنگ سنٹر قائم کیا گیا جس میں تقریباً 150 بچے شام کے اوقات میں مفت تعلیم حاصل کرتے تھے۔ اس وقت کی اقوام متحدہ کی سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے سکھر کا دورہ کیا اور سوسائٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے سرٹیفیکیٹ دیا۔ 

اسد اللہ بھٹو سید مودودی کی تعلیمات سے متاثر ہو کر 1969ء میں جماعت اسلامی میں شامل ہوئے۔ جنوری 1973ء میں آپ کی رکنیت منظور ہوئی۔ 1974ء میں مقامی جماعت کے امیر بنے، اس کے بعد سے مسلسل مختلف ذمہ داریوں پر فائز رہے ہیں۔ 1985ء سے 1991ء تک جماعت اسلامی سندھ کے پولیٹیکل بیورو کے صدر رہے۔ 1996ء سے 2002ء جماعت اسلامی سندھ کے امیر اور بعدازاں 2002ء سے 2006ء تک جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر رہے، اس دوران متحدہ مجلس عمل بنی تو انہیں صوبہ سندھ کا صدر منتخب کیا گیا۔ نیز دوبارہ 2005ء تا 2011ء جماعت اسلامی سندھ کے امیر رہے۔ آپ 2002ء کے انتخابات میں کراچی کے حلقہ 253 سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

اسد اللہ بھٹو ہیومن رائٹس نیٹ ورک پاکستان کے بانی جنرل سیکرٹری ہیں اور اب بحیثیت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کے ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔