سید وقاص جعفری

سید وقاص جعفری

ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان

سید وقاص جعفری کے آباء و اجداد نے ایران کے راستے برصغیر ہجرت کی، آپ کا سلسلہ نسب حضرت امام جعفر صادقؒ سے جا ملتا ہے، اسی لیے خاندانی نام جعفری ہے۔ امام جعفر صادق، امام ابوحنیفہ کے استاد بھی رہے ہیں۔ وقاص جعفری کے والد 1947ء میں  ہجرت کر کے سندھ  تشریف لائے اور بعد میں ضلع میانوالی کو اپنا مستقل مسکن بنایا۔ وقاص جعفری 2 مارچ 1970ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، بچپن کا زیادہ عرصہ دریائے سندھ کے کنارے کالاباغ میں گذارا۔

 وقاص جعفری نے پرائمری تا مڈل تک تعلیم ماڑی انڈس (کالاباغ) سے ہی حاصل کی۔ تاہم  میٹرک لاہور سے کیا، جب کہ انٹرمیڈیٹ اور بی اے گورنمنٹ کالج میانوالی سے کیا۔ ملتان یونیورسٹی سے ایم اے انگلش، پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے ایجوکیشن اور پنجاب یونیورسٹی سے ہی ایم اے اسلامیات کی ڈگریاں حاصل کیں۔ 

وقاص جعفری کا 1984ء میں گورنمنٹ کالج میانوالی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے تعارف ہوا اور 1986ء میں جمعیت کے رکن بنے، پھر 1988-89ء اسلامی جمعیت طلبہ ضلع میانوالی اور 1990-92ء تک ضلع ملتان کے ناظم رہے۔  1993-94ء تک اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب کے ناظم رہے اور 1994-95ء میں معتمد عام کی ذمہ داری ادا کی۔ 1995ء سے 98ء تک اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ منتخب کیے گئے۔ 

اسلامی جمعیت طلبہ سے فراغت کے بعد آپ نے 1998ء میں جماعت اسلامی پاکستان کی رکنیت کا حلف اٹھایا اور پھر 2003ء تا 2009ء جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل اور بعدازاں نائب امیر صوبہ پنجاب کی ذمہ داری پر فائز رہے اور 2014ء سے تاحال ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان کی ذمہ داری بطریق احسن نبھا رہے ہیں۔ وقاص جعفری سابقین جمعیت کی تنظیم حلقہ احباب کے بھی صدر ہیں، اس کے علاوہ جماعت کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کےسیکرٹری جنرل کی خدمات بھی انجام دے رہے ہیں۔ 

سید وقاص جعفری بہترین مقرر، مدرس، مربی اور قلم کار ہیں۔ شاعری و ادب سے لگاؤ اپنے والد محترم سے ورثہ میں ملا۔ آپ امریکہ، برطانیہ، ناروے، سویڈن، ڈنمارک، سپین، کینیڈا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، ملائشیا اور ایران کے دورے کرچکے ہیں۔