News Detail Banner

بجلی کے ٹیرف میں غیر معمولی اضافہ اور بلوں میں طرح طرح کے ٹیکسز شامل کرنے کے خلاف جماعت اسلامی جمعہ سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی امیر العظیم

1سال پہلے

لاہور10 اگست2022ء

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں غیر معمولی اضافہ اور بلوں میں طرح طرح کے ٹیکسز شامل کرنے کے خلاف جماعت اسلامی جمعہ سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی۔ عوام پر ظلم کے خلاف تمام بڑے چھوٹے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ حکومت صارفین سے بجلی کی اصل قیمت وصول کرے، عوام ٹیکسز کی صورت میں بلوں میں شامل ساٹھ فیصد تاوان مزید نہیں بھریں گے۔ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر غریب عوام کو قربانی کا بکرا بنانے کا آزمودہ نسخہ اب کارگر نہیں ہو گا۔ غریبوں کو نشانہ بنانے کی بجائے حکمران اور مراعات یافتہ طبقہ اپنے اثاثے اور لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لائے۔ 

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک کا مرکزی جلسہ پشاور قصہ خوانی بازار میں ہو گا جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں بھی مظاہرے ہوں گے جن میں مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد میں 15اگست کو جب کہ لاہور میں لیسکو ہیڈکوارٹر کے سامنے 17اگست کو احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حق کے لیے آواز بلند کرے اور تحریک کا حصہ بنے۔