News Detail Banner

شیریں ابو عاقلہ کا بہیمانہ قتل قابل مذمت ہے،عالمی دنیا نوٹس لے،سراج الحق

2سال پہلے


لاہور12 مئی 2022ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ کا نشانہ بننے والی الجزیزہ نیوز چینل کی صحافی شیریں ابو عاقلہ کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

منصورہ سے جاری ایک بیان میں نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی نے بھی شیریں ابوعاقلہ کے قتل کی مذمت اور عالمی برادری کو اس واقع کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ 

سراج الحق نے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران اسرائیلی بربریت کا شکار بننے والی شیریں ابو عاقلہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنجہانی ایک بہادر اور سکہ بند صحافیہ تھیں۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں انجام دے کر شعبہ صحافت کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ شیریں ابو عاقلہ جنین مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملے کی کوریج کے دوران جنگی وقائع نگار کے مکمل حفاظتی گیئر میں تھیں، لیکن بدطینت اسرائیلی فوجیوں نے ان کے چہرے کو تاک کر نشانہ بنایا جس سے وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

امیر جماعت کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں خاتون صحافی کا قتل اس بات کا بین ثبوت ہے کہ تل ابیب آزاد میڈیا کی طاقت سے کس قدر خوفزدہ ہے۔ انہوں نے الجزیرہ نیوز چینل کی انتظامیہ اور آنجہانی کے لواحقین سے شیریں ابو عاقلہ کے لرزہ خیز قتل پر دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔