جمعہ کو مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ملک گیر احتجاج میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کر ے گی،امیر العظیم
3سال پہلے
لاہور22 ستمبر2021ء
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ جمعہ کو مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ملک گیر احتجاج میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کر ے گی۔حکمرانوں کی پالیسیاں لوگوں کے لیے وبال جان بن گئیں، قوم مزید ظلم برداشت نہیں کرسکتی۔ آنے والے دنوں میں پورے ملک میں لوگوں کومنظم کرکے احتجاج کا سلسلہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
منصورہ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ مہنگائی مخالف مظاہروں کی قیادت جماعت اسلامی کے مرکزی اور صوبائی قائدین کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق گوجرانوالہ میں پنڈی بائی پاس پر بڑے مظاہرے سے خطاب کریں گے۔ اس سلسلے میں تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں اور اقدامات میں کوئی فرق نہیں۔ وزیراعظم نے قوم کو ریاست مدینہ کے نام پر دھوکا دیا۔ حکمرانوں کا سارا زور آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں سے بھیک مانگنے پر ہے۔ لنگرخانے تعمیر اورلوگوں کو مرغیاں اور کٹے پالنے کے مشورے دیے جا رہے ہیں۔ حالات سے تنگ افراد خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ مارکیٹ میں روزی کمانے کے ذرائع مخدوش ہو گئے ہیں۔ بے روزگاری اور غربت کی شرح میں خطرناک اضافہ ہوا ہے۔ ترقی کا پہیہ الٹا چل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمعہ کو ہونے والے مظاہروں میں تمام طبقہ ہائے فکر کے لوگ شریک ہوں گے۔ مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے لیے جماعت اسلامی کے مقامی قائدین اور کارکنان کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
مزید برآں کراچی میں ہونے والے مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی اور امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، راولپنڈی میں ہونے والے مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر راولپنڈی عارف شیرازی، ملتان میں ہونے والے مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راؤ ظفر اقبال، پشاور میں ہونے والے مظاہرے سے عتیق الرحمن، کوئٹہ میں ہونے والے مظاہرے سے امیر بلوچستان عبدالحق ہاشمی، گوادر میں ہونے والے مظاہرے سے سیکرٹری جنرل بلوچستان ہدایت الرحمن بلوچ، لاڑکانہ میں ہونے والے مظاہرے سے جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ آصف سعید اور لاہور میں ہونے والے مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد خطاب کریں گے۔گوجرانوالہ میں مظاہرے سے امیر جماعت کے علاوہ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور امیر صوبہ پنجاب وسطی جاوید قصوری بھی خطاب کریں گے۔