آئینی طریقہ کار اختیار کیا جائے تو انتظامی یونٹس کے مخالف نہیں، پٹرولیم لیوی کے معاملہ پر حکومت کوئی چکر بازی نہ کرے ، مسئلہ کا تعاقب کریں گے، حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مشاورتی اجلاس سے خطاب

3 منٹ
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن منصورہ میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن منصورہ میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی نئے انتظامی یونٹس کی مخالف نہیں تاہم یہ اقدامات آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق اٹھانے چاہیے۔

منصورہ میں صوبہ پنجاب بھر کے  ضلعی اور زونل نظم کے بڑے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور لیوی کے بتدریج خاتمہ کے لیے حکومت کو حتمی مسودہ دے دیا ، اب حکمرانوں کی جانب سے کوئی چکربازی نہیں ہونی چاہیے، معاملہ کا پوری طرح تعاقب کیا جائے گا۔

اجلاس سے نائب امراء لیاقت بلوچ، پروفیسر محمد ابراہیم خان، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ، ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر پنجاب جنوبی سید ذیشان اختر، امیر لاہور ضیاالدین انصاری نے بھی خطاب کیا۔

نائب امراء میاں محمد اسلم،  ڈاکٹر اسامہ رضی ، ڈپٹی سیکرٹریٹز اظہر اقبال حسن، سید وقاص جعفری، شیخ عثمان فاروق، ممتاز سہتو، رسل خان بابر، معاون خصوصی امیر جماعت اسلامی عمیر ادریس ، ہیڈ میڈیا سیل سلمان شیخ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے بجلی ، گیس ، پٹرول کی قیمتوں میں کمی ، متناسب نمائندگی کے تحت شفاف انتخابات ، بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد ، عوام کو صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اور بلوچستان سمیت ملک کے دیگر خطوں میں امن و امان کے قیام کے ایجنڈا پر احتجاجی تحریک کو وسعت دیتے ہوئے بائیس نومبر کو کوئٹہ، انتیس نومبر کو مینار پاکستان، پانچ دسمبر کو پشاور اور بیس دسمبر کو کراچی میں بڑے عوامی جلسوں کے انعقاد کا اعلان کیا۔

انہوں نے اہل فلسطین کی مزاحمت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کی ناکامی دراصل حماس اور اہل غزہ کی مزاحمت کی کامیابی ہے۔

 امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ ریاست عوام کو تعلیم و صحت کا حق فراہم کرنے کی ذمہ داری سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے، تاہم لوگوں کو بندوق اٹھانے اور منشیات کے استعمال کی سہولیات موجود ہیں ، ریاست چاہتی ہے کہ عوام کو حقوق فراہم کیے بغیر بزور طاقت اپنی رٹ قائم کرے، اسٹیبلشمنٹ لٹیروں کو عوام پر مسلط کردیتی ہے ، جو جس طرح حکومت میں آتا ہے اسی طریقے سے واپس بھیج دیا جاتا ہے، گزشتہ سات دہائیوں سے یہی سلسلہ چل رہا ہے ، پورا نظام فرسودہ ہے، مقتدرہ جو پورے نظام کو چلا رہی ہے کو بھی ان حالات کا جواب دینا پڑے گا۔

جماعت اسلامی نے آئی پی پیز اور پٹرول کے مسئلہ پر ملک کی تاریخ کی طویل ترین مہم چلائی ، نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، ہر مسئلہ کی نشاندہی کرکے اس پر جدوجہد جاری رہے گی ، معیاری تعلیم ہر بچے کا حق اور ریاست کی ذمہ داری ہے ، ایل پی جی حکومت کی مقررہ قیمت دوسونوے روپے کی بجائے ساڑھے پانچ سو روپے کلو فروخت ہو رہی ہے، انتخابی اصلاحات کی ضرورت ہے۔

عوام کی رائے کا احترام ہو، ہمارے جلسے اور احتجاجی تحریک ان تمام عوامی حقوق کے لیے ہو گی، عوام میں بیداری کی لہر پیدا کررہے ہیں، جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی پارٹی عوام کے مسائل پر آواز نہیں اٹھاتی ، ان پارٹیوں میں مافیاز شامل ہیں ، ہمیں اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے ، یہ جدوجہد اقامت دین اور اللہ کی رضا کے حصول کے لیے ہے، بلدیاتی انتخابات میں ہر یونین کونسل میں جماعت اسلامی کے امیدوار ہوں گے، جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان محنت جاری رکھیں، آنے والے دنوں میں جماعت اسلامی بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کے لیے آئین میں کوئی ممانعت نہیں، تاہم موجودہ حکمران عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں، عوام کی رائے کے حصول کے بغیر نئے یونٹس کیسے بنیں گے؟ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ کے آئندہ اجلاس میں اس معاملہ پر مکمل مشاورت کے بعد واضح اور تفصیلی موقف کا اعلان کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ ہوگا، جلسہ سے قبل بھرپور عوامی مہم چلائی جائے گی ، پنجاب میں زراعت کو تباہ کردیا گیا، کسانوں کے بے شمار مسائل ہیں، مریم نواز سکولوں کو فروخت کررہی ہے۔