مسالک کی بنیاد پر امت کو تقسیم کرنے والے دین کے خیرخواہ نہیں، حافظ نعیم الرحمٰن
امیر جماعت اسلامی پاکستان سولنگی گوٹھ حیدرآباد میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام ارکان کی سہ روزہ تربیت گاہ کے پہلے روز خطاب کر رہے ہیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ مسالک کی بنیاد پر امت کو تقسیم کرنے والے دین کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، اقامت دین جماعت اسلامی کی جدوجہد کی منزل ہے ، خواتین معاشرے میں بہتری کے لیے کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سولنگی گوٹھ حیدرآباد میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام ارکان کی سہ روزہ تربیت گاہ کے پہلے روز خطاب کر تے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ کاشف سعید شیخ، ناظمہ حلقہ خواتین صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان حمیرا طارق، قیم جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد یوسف اور ضلعی امیر حافظ طاہر مجید بھی موجود تھے۔تربیت گاہ کا آغاز نگرانِ تربیت گاہ شگفتہ ابراہیم کی گفتگو سے ہوا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی محض سیاسی، مسلکی یا سماجی تنظیم نہیں بلکہ اقامتِ دین کی تحریک ہے، جس کا مقصد اللہ کے دین کو زندگی کے تمام شعبوں میں نافذ کرنے کے لیے معاشرے کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت کرنا ہے۔انہوں نے کہا جماعت اسلامی کا مقصد دین کو محض چند عبادات یا انفرادی زندگی تک محدود رکھنا نہیں بلکہ اسے مکمل نظامِ زندگی کے طور پر پیش کرنا ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، اس لیے جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی اسلامی شناخت اور اقامتِ دین کے مقصد کے لیے مسلسل جدوجہد کرے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ خواتین اپنے خاندان، محلے اور حلقۂ احباب میں دعوتی کام کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قوت صرف تنظیمی ڈھانچے یا سیاسی سرگرمیوں میں نہیں بلکہ اس کے نظریے، تربیت یافتہ افراد اور معاشرے میں دعوتی اثرات میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کسی قومیت، زبان یا مسلک کی نمائندہ نہیں بلکہ دین کے نظام کے قیام کی جدوجہد کرنے والی تحریک ہے۔ مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی فقہی شناخت برقرار رکھتے ہوئے جماعت اسلامی میں شامل ہوسکتے ہیں، فقہی اختلافات کو امت کی تقسیم کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔ لوگوں کو محبت، حکمت اور تربیت کے ذریعے دین کے جامع تصور سے روشناس کرانا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ درسِ قرآن محض ایک سرگرمی یا معمول نہیں بلکہ اس کے ذریعے لوگوں کی فکر، کردار اور عملی زندگی میں تبدیلی پیدا کرنی ہے۔ ارکان جماعت اسلامی قرآن مجید کی تلاوت، ترجمے اور تفہیم کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں اور قرآن نہ پڑھنے والی خواتین کو قرآن پڑھانے کے ساتھ دین کے جامع تصور سے بھی روشناس کرائیں۔ نئی نسل کی تربیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آج کے بچے اور نوجوان موبائل، انٹرنیٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے ماحول میں پرورش پا رہے ہیں۔ ان کی تربیت کے لیے صرف پابندیاں کافی نہیں بلکہ ان کی ذہنی سطح کو سمجھنا، صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ نوجوانوں کو محبت، حکمت اور حوصلہ افزائی کے ذریعے جماعتی اجتماعیت سے جوڑا جائے۔

امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کی تنظیم مقصد نہیں بلکہ اقامتِ دین کے حصول کا ذریعہ ہے۔ تنظیمی ڈھانچے، اجتماعات اور سرگرمیوں کی افادیت اسی وقت ہے جب وہ دین کے قیام اور معاشرے میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے 1970 اور 2024 کے انتخابی نتائج کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود جماعت اسلامی نے سندھ کے مختلف علاقوں میں نمایاں انتخابی قوت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی اصل قوت نظریاتی وابستگی، کارکنان کی محنت، خواتین کی جدوجہد اور مؤثر اجتماعیت ہے۔

رخشندہ منیب نے کہا کہ قرآن مجید کا حقیقی شعور انسان کی فکر، کردار اور عملی زندگی میں تبدیلی پیدا کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے دین کے کام کے لیے جن بندوں کو منتخب فرماتا ہے، یہ ان کے لیے بہت بڑا اعزاز اور ذمہ داری ہے۔ دینی کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود اللہ کی اطاعت اختیار کریں اور معاشرے کو غیر اللہ کی بندگی سے نجات دلانے کی جدوجہد کریں۔ دنیاوی مصلحتوں، خاندانی دباؤ اور معاشرتی رسم و رواج کو اللہ کی رضا اور دین کی ذمہ داریوں پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔ اجتماعیت سے وابستگی، باہمی تعاون، فکری و عملی تربیت اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق کے ذریعے ہی دعوتِ دین کی ذمہ داری مؤثر انداز میں ادا کی جاسکتی ہے۔