حافظ نعیم الرحمن کی اخوان المسلمون مصر کے عالمی مرشد عام صلاح عبدالحق سے ملاقات
دونوں قائدین نے امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے استنبول میں اخوان المسلمون مصر کے عالمی مرشد عام صلاح عبدالحق اور تنظیم کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال، خطے میں امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت، ایران اور خلیجی ممالک کی صورتحال سمیت امت مسلمہ کو درپیش اہم چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی، مسلم نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت اور اسلامی تحریکوں کو درپیش مسائل بھی زیر بحث آئے۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات میں مسلم دنیا کے درمیان اتحاد، باہمی مشاورت اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
اس موقع پر فلسطین سمیت مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور امریکہ و اسرائیل کی پالیسیوں کے خطے پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مسلم نوجوانوں کی ایسی تربیت ناگزیر ہے جو انہیں دین سے وابستگی، اعلیٰ کردار، شعور اور خدمت انسانیت کے جذبے سے آراستہ کرے۔
ملاقات میں جماعت اسلامی پاکستان اور اخوان المسلمون مصر کے درمیان باہمی روابط مزید مضبوط بنانے اور ایک دوسرے کے تحریکی، تنظیمی اور فکری تجربات سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ امت مسلمہ کے اجتماعی مسائل کے حل، اسلامی تحریکوں کے درمیان تعاون کے فروغ اور مسلم نوجوانوں کی مثبت رہنمائی کے لیے باہمی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے اخوان المسلمون کی اہل غزہ کی مدد کے لئے کی جانے والی جدوجہد کو جرأت تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اخوان المسلمون اور جماعت اسلامی مظلوم مسلمانوں کی ترجمان اور پشتیبان ہیں۔