حکومتی نااہلی کے باعث قزاقوں کے ہاتھوں گھر کے کفیل دنیا سے چلے گئے، حکومت شہید سید کاشف عمر کا جسد خاکی جلد از جلد پاکستان لانے کے اقدامات کرے

حافظ نعیم الرحمٰن کا صومالی قزاقوں کے ہاتھوں فائرنگ سے شہید ہونے والے سید کاشف عمر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے صومالی قزاقوں کے ہاتھوں فائرنگ سے شہید ہونے والے سید کاشف عمر کے گھر جاکر ان کے والدسید فاروق عمر، بھائی سید آصف عمر بیٹے سید ایزان عمر اور سید یوہان عمر سے ملاقات اور دعائے مغفرت کی۔حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومتی نااہلی کے باعث قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانی شہریوں کو بازیاب نہیں کرایا جاسکا، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج تین گھروں کے وارثین دنیا سے چلے گئے۔ ہم یہاں مرحوم کے بچوں سے تعزیت کرنے آئے ہیں۔ بچے کہہ رہے ہیں کہ آپ نے کہا تھا کہ ہمارے والد کو بازیاب کرایا جائے گا، لیکن قزاقوں نے ہمارے والد کو قتل کردیا۔ہم نے ذاتی طور پر وزیراعظم، سیکرٹری خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے اس معاملے پر جہاں جہاں بات ممکن تھی، رابطہ کیا اور پاکستانی شہریوں کی جلد از جلد بازیابی کے لیے بات کی۔ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت شہداء کے اہل خانہ کی مالی معاونت بھی کرے۔ کسی بھی انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا، تاہم ریاست متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرے تاکہ ان کی کچھ اشک شوئی ہوسکے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو شہادت کا مرتبہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ حکومت فوری طور پر شہید سید کاشف عمر سمیت دیگر شہداء کے جسد خاکی باعزت طریقے سے پاکستان لانے کے لیے جلد از جلد اقدامات کرے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجیہ حسن، سیکرٹری ضلع  سہیل زیدی، ٹاؤن چیئرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان، امیر ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، سیکریٹری شکیل احمد، سیکرٹری اطلاعات  جماعت اسلامی کراچی زاہد عسکری اور مقامی ذمہ داران و کارکنان میں بڑی تعداد میں موجود تھے۔