غزہ مارچ سے حافظ نعیم کا بڑا خطاب | فلسطین، پاکستان کا کردار اور لانگ مارچ کی وارننگ

امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد میں غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین، غزہ کی صورتحال، مسلم دنیا کے کردار، پاکستان کی خارجہ پالیسی اور ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو کی۔
حافظ نعیم الرحمان نے غزہ میں ہونے والی تباہی اور فلسطینی عوام کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں سے فلسطین کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان معاہدے کی پہلی ترجیح فلسطین اور کشمیر ہونی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے 7 اکتوبر کے واقعات، حماس کی مزاحمت اور فلسطینی عوام کی جدوجہد پر بھی بات کی اور کہا کہ اہلِ غزہ نے دنیا کی آنکھیں کھول دی ہیں۔
ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ دہرایا اور حکومتی ریلیف کو ناکافی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت لیوی کا خاتمہ نہیں کرتی اور مزید وقت گزارنے کی کوشش کی گئی تو جماعت اسلامی ملتان سے لانگ مارچ شروع کرے گی۔
انہوں نے پاکستان میں موجود مختلف مافیاز، آئی پی پیز، حکمران طبقے کی شاہ خرچیوں، معاشی نظام اور عوامی مسائل پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ عوام کو اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔