خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی شدید الفاظ میں مخالفت، گورنر راج غیر آئینی اور جمہوریت دشمن اقدام ہے
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی شدید الفاظ میں مخالفت کرتے ہوئے اسے غیر آئینی اور جمہوریت دشمن اقدام قرار دیا ہے۔
سماجی رابطوں کی سائٹ ’ایکس’ پر اپنے ایک اہم بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج سے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جب منصبِ اقتدار پر فائز قوتیں گورنر راج اور ایمرجنسی کے ذریعے حکومت کرنے کی کوشش کریں تو اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ ان کی حکومت کا چراغ بجھنے والا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتوں نے ‘رجیم چینج’ کے وقت سے جو تماشا شروع کیا تھا، جمہوریت دشمنی کا وہ سفر آج تک مسلسل جاری ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں جماعتوں کی تاریخ گورنر راج نافذ کرنے اور عوام کے مینڈینٹ کو تسلیم نہ کرنے سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اس اقدام سے یہ بات مکمل طور پر واضح ہو چکی ہے کہ فارم 47 کے ذریعے ملک پر مسلط کردہ موجودہ نظام پوری طرح سے فلاپ ہو چکا ہے۔