امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے ’’میرا برانڈ پاکستان ایکسپو 2026‘‘ کا افتتاح کر دیا
مہنگی بجلی اور گیس کی وجہ سے ہماری مصنوعات دنیا میں مقابلہ نہیں کرسکتیں، حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور گیس کی وجہ سے ہماری مصنوعات دنیا میں مقابلہ نہیں کرسکتیں، حکومت صنعت کے لیے سستی بجلی اور گیس فراہم کرے، ’’میرا برانڈپاکستان ایکسپو‘‘ گلوبل آئیڈیا ہے، ڈھاکہ، ترکیہ اور بہت سے دوسرے ممالک میں بھی پاکستانی برانڈز کی نمائشیں لگائیں گے۔

اسلام آباد میں انٹرنیشل بزنس فورم پاکستان کے زیر اہتمام ’’میرا برانڈ پاکستان ایکسپو 2026‘‘ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے ایکسپو کے انعقاد پر پاکستان انٹرنیشنل بزنس فورم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں 170 برانڈز کے سٹالز موجود ہیں۔ فلسطین پر اسرائیلی حملے کے بعد پاکستانی برانڈز کو فروغ دینے کی بات کی گئی، اسرائیلی برانڈز کے بائیکاٹ کے بعد متبادل دینے کی ضرورت محسوس کی گئی۔ تقریب سے صدر پاکستان انٹرنیشل بزنس فورم ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے بھی خطاب کیا۔ سیکریٹری جنرل اعجاز تنویر، راؤ جاوید ، زاہدخان مغل، قائمقام امیر اسلام آباد شاہد رفیع ، جنرل سیکرٹری زبیر صفدر،ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین ثمینہ سعید، ناظمہ اسلام آباد قدسیہ ناموس اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ فلسطینیوں کی مدد کریں اور اپنے منافع میں سے فلسطینیوں کا بھی حصہ نکالیں۔ یہ نمائش صرف ملکی سطح پر نہیں بلکہ دیگر ممالک میں بھی پاکستانی برانڈز کی نمائشیں لگائیں گے۔ پاکستان کی اپنی مارکیٹ 25 کروڑ افراد پر مشتمل ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ہماری صنعت کو مہنگی بجلی اور گیس کی فراہمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ہماری مصنوعات دنیا میں مقابلہ نہیں کرسکتیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت صنعت کے لیے سستی بجلی اور گیس فراہم کرے تاکہ دنیا کی منڈیوں میں ہماری مصنوعات مقابلہ کرسکیں۔ حکومت نے صنعت کے لیے 8 سینٹ پر بجلی دینے کا وعدہ کیا تھا جو پورا نہیں کیا گیا ۔ آئی پی پیز کو 1800 ارب روپے سالانہ کیپسٹی پیمنٹ دیے جا رہے ہیں، ایک خاص قسم کے مافیا کو نوازا جا رہا ہے۔ پاکستانی مصنوعات کے لیے سہولیات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی صنعت بھی اپنے مصنوعات کی تیاری میں معیار کو برقرار رکھے، بدقسمتی سے اگر کچھ لوگ زیادہ کمانے کی کوشش کریں گے تو صنعت کو نقصان پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صرف مطالبات نہیں کرتی بلکہ حل بھی پیش کرتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بنو قابل میں 20 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، صنعت بھی نوجوانوں کی تربیت میں سرمایہ کاری کرے۔ نمائش میں خواتین کا بڑی تعداد میں سٹالز لگانا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کو مواقع دیے جانے چاہیئں لیکن یہ اپنی صنعت کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ 31 دسمبر 2027 کو سود کے خاتمے کی ڈیڈ لائن کے لیے حکومت کیا کر رہی ہے، حکومت کے ساتھ ہر اس معاملے پر بات کرتے ہیں جس سے عوام کا فائدہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ ایکسٹینشن کے معاملے پر سب اکٹھے ہو جاتے ہیں، عوام کی بات کوئی نہیں کرتا۔ ہم نے 27 ویں ترمیم کی بھی مخالفت کی، ذاتی مفاد کے لیے تمام سیاسی پارٹیاں اکٹھی ہو جاتی ہیں۔
