امید دلائی جائے تو نوجوان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیں گے، حافظ نعیم الرحمن
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا الخدمت فاؤنڈیشن اور علی بابا کلاؤڈ کی مشترکہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو امید اور یقین دلایا جائے تو یہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔ خدا کا خوف اور انسانیت کو جواب دہی کے عناصر شامل نہ ہوں تو ٹیکنالوجی استحصال کا سبب بنتی ہے ، سرمایہ داری کے روایتی استحصالی نظام کی جگہ ٹیکنو فیوڈل ازم (Technofeudalism) کا نظام مسلط ہورہا ہے ، پاکستان کے نوجوانوں کو انسانیت کی خدمت اور ملک و ملت کی ترقی کے جذبے کے تحت مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور علی بابا کلاؤڈ کے اشتراک سے ملک کے سب سے بڑے اے آئی ہیکاتھون کی گرینڈ فائنل تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن، سی ای او بنو قابل نویدعلی بیگ، کنٹری ڈائریکٹر علی بابا کلاؤڈ ہینک شاؤ، ہیڈ آف مارکیٹنگ علی بابا کلاؤڈز ییلان ژانگ نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔
ہیکاتھون میں ملک بھر سے 16 ہزار سے زائد نوجوانوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ پروگرام نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت اور عالمی سطح پر پاکستان کے ابھرتے ہوئے اے آئی ٹیلنٹ (AI Talent) کو اجاگر کرنے کے حوالے سے خصوصی اہمیت کے حامل پروگرام میں چین ، ترکی ، فلسطین سمیت مختلف ممالک کے سفارتی نمائندگان، علی بابا کلاؤڈ کی سینئر مینیجمنٹ ، حکومتی عہدیداران، آئی ٹی ماہرین اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ 
حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت اور چین کی کمپنی کو مشترکہ پلیٹ فارم سے نوجوانوں کی تربیت اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے پر مبارکباد دی اور ہیکاتھون کو نہ صرف پاکستان بلکہ خطہ کے لیے گیم چینجر (Game Changer) قرار دیا۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور جماعت اسلامی کے درمیان خطے میں امن کے فروغ اور انسانیت کی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں سے متعلق پیلے ہی معاہدہ موجود ہے۔ 
پاکستان اور چین کی دوستی کے بارے میں ساری دنیا کو علم ہے۔ علی بابا کلاؤڈ کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن سے اشتراک عمل اور پاکستانی نوجوانوں کی ترقی کے مواقع فراہم کرنے سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آئیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی نوجوانوں دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک علی بابا کلاؤڈ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات چار سے پانچ ارب ڈالر کے قریب ہیں اور اگر نوجوانوں کو مواقع میسر ہوں تو یہ برآمدات بڑی آسانی سے تھوڑے عرصہ میں چالیس ارب ڈالر تک جاسکتی ہیں۔ 
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ، نوجوانوں کو عام نوعیت کے آئی ٹی کورس کے لیے بھی ہزاروں روپے فیس دینا پڑتی ہے ، حکومت اگر عوام سے اربوں کا ٹیکس لیتی ہے تو مفت اور جدید تعلیم کی فراہمی بھی اس کی ذمہ داری ہے۔ نوجوان اپنے حق کے لیے آواز اٹھائیں۔ 
جماعت اسلامی اور الخدمت نہ صرف نوجوانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے بلکہ اس نے بنوقابل پروگرام کا آغاز کرکے اپنے تئیں علم کی شمع بھی روشن کی ہے ، بنو قابل سے ملک بھر میں لاکھوں طلبا و طالبات فائدہ اٹھا رہے ہیں، امید و یقین کا سفر جاری رہے گا۔