چاروں صوبوں میں تعلیم کو تباہ کرنے کا مقابلہ چل رہا ہے، پنجاب میں نویں جماعت کے باون فیصد بچے فیل ہوگئے، مریم نواز بیٹی کی تقریب کے لیے لندن چلی گئیں، نوجوان مفت اور معیاری تعلیم کے حق میں آواز اٹھائیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا گجرات میں بنوقابل تقریب سے خطاب

2 منٹ
حافظ نعیم الرحمٰن گجرات میں بنو قابل تقریب سے خطاب کر رہے ہیں
حافظ نعیم الرحمٰن گجرات میں بنو قابل تقریب سے خطاب کر رہے ہیں

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کا تعلیمی نظام فرسودہ اور مہنگا ہے، پونے تین کروڑ بچے سکول نہیں جاتے ، چاروں صوبائی حکومتوں میں تعلیم کو تباہ کرنے کا مقابلہ چل رہا ہے، پنجاب میں نویں جماعت کے باون فیصد بچے فیل ہوگئے ، صوبہ کی وزیراعلیٰ بیٹی کی گریجوایشن تقریب کے لیے گیارہ ارب کے سرکاری جہاز میں لندن گئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام بنوقابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم ، امیر ضلع انصر دھول ایڈووکیٹ  ، صدر الخدمت پنجاب شمالی محمد رضوان و دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے گریجوایشن کرنے والے طلباوطالبات میں اسناد تقسیم کیں اور انہیں مبارکباد دی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک کے نوجوان بہترین اور مفت تعلیم کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر آواز اٹھائیں، تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے ، مگر بدقسمتی سے اشرافیہ وسائل پر قابض ہے جن کے اپنے بچے تو بیرون ملک مہنگے اداروں میں پڑھتے ہیں لیکن یہ قوم کے بچوں کو جاہل رکھنا چاہتے ہیں ، نوجوانوں میں مایوسی پھیلائی جارہی ہے، ملک کے نوجوان مایوس نہ ہوں بلکہ اپنی اور ملک کی ترقی کے لیے محنت کریں اور جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر فرسودہ نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد تیز کریں۔

 ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کسی جرنیل ، جاگیردار ، وڈیرے یا وزیراعظم کا نہیں بلکہ پچیس کروڑ عوام  اور ان کا ہے جنہوں نے آزادی کے لیے قربانیاں دیں اور جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں پندرہ کروڑ افراد تیس سال کی عمر کے ہیں ، اس ہیومن ریسورس (Human Resource) پر وسائل خرچ کیے جائیں اور انہیں جدید آئی ٹی کی تربیت دی جائے تو یہ آئندہ دس برسوں میں نہ صرف ملک کا قرض اتار دیں گے بلکہ اسے ترقی کی شاہراہ پر گامزن بھی کردیں گے، مگر بدقسمتی سے حکمران طبقہ محض اپنے مفادات کا اسیر ہے ، زندہ باد مردہ باد اور شخصیات اور خاندانوں کی سیاست ہورہی ہے، کسی کو عوام کی فکر نہیں۔

عوام ٹیکسوں کے بھاری بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، صرف پٹرولیم لیوی کی مد میں غریبوں سے اربوں روپے وصول کیے جارہے ہیں ، حکمران عوام سے ٹیکس لیتے ہیں لیکن انہیں بنیادی حقوق تک فراہم نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کے ساتھ اپنے حصے کی شمع بھی جلا رہی ہے، چار سال قبل بنو قابل کا آغاز کیا اور اب ملک کے کونے کونے میں اس پروگرام کے ذریعے ہزاروں بچوں کو آئی ٹی کی مفت تربیت فراہم کی جارہی ہے، تبدیلی کی جدوجہد ہر پلیٹ فارم سے جاری رہے گی۔