ظلم و ناانصافی کی جگہ اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ ہی سے لوگوں کو سکھ چین ملے گا، حافظ نعیم الرحمٰن
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا جامع مسجدمنصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ظلم و ناانصافی کی جگہ اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ ہی سے لوگوں کو سکھ چین ملے گا۔عوام ہر لحاظ سے ظلم اور ناانصافی کا شکار ہیں۔ایک طرف موجودہ حکمران ناجائز اور غیر آئینی طور پر اقتدار پر قابض ہیں تو دوسری طرف عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر مزید مالی بوجھ ڈال کر اُن کی زندگی مشکل بنا رہے ہیں۔ اقتدار کے یہ پجاری آپس میں ملے ہوئے ہیں اور ذاتی مفادات کا سوچتے ہیں۔ ظلم و جبر کے خاتمہ اور اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد میں عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے،عوامی مسائل کے حل کے لئے ہم 22نومبر کو کوئٹہ،29کو لاہور،12دسمبر کو پشاور اور 20کو کراچی میں پاور شو کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ خطے میں جنگ کی وجہ سے بدترین حالات میں بھی تیل مافیانے حکومتی سرپرستی میں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور 11سو فیصد منافع کمایا۔ہماری کمیٹی نے پٹرولیم کے معاملے کودیکھا تو کئی جگہ کرپشن کے انکشافات ہوئے،جماعت اسلامی نے حکومت اور ریفائنریز مافیا کے گٹھ جوڑکو بے نقاب کرکے چوری پکڑی اور عوام کو ریلیف دلایا،اگر جماعت میدان میں نہ نکلتی تو پٹرول مزید مہنگا ہوجاتا۔ملک میں پٹرول،آئی پی پیز،گندم ، چینی اور بنک مافیاز کی حکومت ہے۔

مافیاز اور حکمرانوں کا گٹھ جوڑ ہے اس لئے یہ نظام حکمران پارٹیوں نے مسلط کیاہے۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی یا کوئی اور جماعت اقتدار میں ہو مافیاز کے وارے نیارے ہوتے ہیں۔ 40فیصد کھاتہ دار سود سے بچنے کے لئے بنکوں میں کرنٹ اکاؤنٹس کھولتے ہیں، بنک ان کی جمع شدہ رقوم سے دیئے گئے قرضوں پر بھی سود وصول کرتے ہیں، یہ ظلم عشروں سے جاری ہے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ بلاول اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی میں اقتدارکے مزے لوٹ اور عوام کو گمراہ کرنے کیلئے حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔باپ صدر مملکت،سینٹ کا چیئرمین، ایک صوبے کی حکومت اوردوسرے صوبے کا گورنر پیپلز پارٹی کا،کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا اور اپنا میئر بنوایا مگر بلاول پھر بھی خوش نہیں۔ پورا ملک مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے،بلوچستان کے حالات گھمبیر اور امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔سندھ کے پی کے میں بھی صورتحال تسلی بخش نہیں، پنجاب میں ظلم کا نظام قائم ہے، میرٹ کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ بلوچستان میں بد امنی کے باوجو د جماعت اسلامی 22نومبر کو کوئٹہ میں جلسہ کرے گی اورمیں خود صوبے کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جاؤنگا۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کو ایک دوسرے پر اعتماد نہیں، کوئی صوبہ فنڈز کا رونا روتا ہے تو کوئی نئے صوبوں کا مطالبہ کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ نظام اللہ کے احکامات کے خلاف ہے، اسے ختم ہونا چاہیے،دین صرف چند بنیادی مسائل کا نام نہیں، عدل و انصاف کا نظام ہے۔ معاشرے میں انصاف نہ ہوتو فساد پھیل جاتا ہے، دینی نظام فساد اور انتشار کے خاتمہ کا نظام ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران امریکہ سے ہدایات لیتے اور اس کی مرضی کے مطابق فیصلے کرتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ 57ممالک کی لاکھوں کی تعداد میں فوج اور جدید اسلحہ کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں ہزاروں معصوم بچوں کو شہید کر دیا۔صیہونیوں نے گریٹر اسرائیل کا جو نقشہ بنایا ہے اس میں پاکستان بھی شامل ہے،اگر انہیں کوئی خوف ہوتا تو وہ فلسطینیوں کی اس طرح نسل کشی نہ کرتے۔

اسرائیل غزہ اور بھارت کشمیرمیں مسلمانوں کی نسل کشی کررہا ہے اور ہمارے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ فلسطینوں اور کشمیریوں کی جدوجہد نے عالم کُفر پر لرزہ طاری کررکھا ہے۔ فلسطینیوں کی جدوجہد نے طاقت کے قلعوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔