لیوی ختم نہیں کرنی تو وزیراعظم سے ملاقات کا کوئی فائدہ ہے نہ شوق، 12اکتوبر کو مشاورت کے بعد اسلام آباد مارچ کی تاریخ کا اعلان کردیں گے، اوکاڑہ جلسہ کا اعلان
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن منصورہ میں کی پریس کانفرنس

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کا خاتمہ وزیراعظم سے ملاقات کے ایجنڈا میں شامل نہیں ہوگا تو ان سے ملنے کا کوئی فائدہ نہیں ، بارہ اکتوبر کو مشاورت کے بعد اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کردیں گے ، فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ ، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیراحمد جنجوعہ ، ڈپٹی سیکرٹری شیخ عثمان فاروق، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، اسلامک لائیرز موومنٹ کے صدر اسد منظور بٹ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لیوی کے خلاف بیالیس دن دھرنے دیے ، ملک گیر جلسے اور دستخطی مہم جاری ہے، کل اوکاڑہ میں جلسہ ہوگا ، وزراء لیوی ختم نہ کرنے کے بارے میں بیانات دے رہے ہیں، وزیراعظم پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر لیوی ختم نہیں ہوتی تو ہمیں ان سے ملاقات کا کوئی شوق نہیں ہے ۔ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، عوام کو حقوق دلائیں گے۔ حکمران ہمیں کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کا دباؤ ہے ، جب یہ خود عیاشیاں کرتے ہیں تو آئی ایم ایف کا دباؤ نہیں ہوتا؟ وزیراعلیٰ پنجاب نے گیارہ ارب کا جہاز خرید لیا اور کہا جاتا ہے کہ جہاز خرید لیا تو کیا ہوا؟ ان کے رویوں کو دیکھیں، یہ فارم سنتالیس کے حکمران من مانیاں کررہے ہیں ، بلاول ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ ہے، پی پی سے کراچی سمیت پورے سندھ کے عوام نفرت کرتے ہیں، پی پی کراچی سے تمام سیٹیں ہار گئی تھی، بلدیاتی انتخاب میں بھی اسے شکست ہوئی ، انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے کراچی میئر کی سیٹ پر قبضہ کرلیا۔ 
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ چالیس برس سے شریف خاندان کی حکمرانی ہے ، صوبہ میں تعلیم کا بیڑہ غرق کردیا گیا ، نویں جماعت کے امتحان میں صوبہ کے پچاس فیصد سے زائد بچے فیل ہوگئے ، مریم نواز نے گیارہ ہزار سکولوں کو فروخت کردیا ، پچیس ہزار برائے فروخت ہیں۔ پنجاب کی زراعت تباہ کردی گئی ، ڈی اے پی کھاد کی قیمت میں فی بوری تین ہزار روپے کا اضافہ ہوگیا، کسان سے گندم تین ہزار روپے من کے حساب سے خریدی گئی، اب آٹا پنجاب میں چھ ہزار روپے من سے اوپر فروخت ہورہا ہے، گندم پانچ ہزار فی من سے اوپر چلی گئی، ملک میں زراعت کا شعبہ بہتر تھا ، اسے بھی تباہ کردیا گیا۔ عالمی بنک کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح تئیس فیصد ہے جو خطے کے ممالک میں سب سے زیادہ ہے ، ملک کے اپنے طے کردہ معیار کے مطابق غربت چالیس فیصد سے زیادہ ہے ، گزشتہ پانچ برسوں میں سب سے زیادہ غربت میں اضافہ پنجاب میں ہوا، مریم نواز اشتہارات کے ذریعے کارکردگی کے دعوے کررہی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں ساٹھ فیصد تک کرپشن ہورہی ہے ، بلاول کہہ رہے ہیں پروگرام کو مزید وسیع کریں گے ، یہ قوم کو بھکاری بنانا چاہتے ہیں، عوام کے پیسوں سے لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔ ایسا نہیں چلے گا کہ حکمرانوں کی مراعات اور عیاشیوں میں اضافہ جاری رہے اور عوام کی غربت اور مسائل بڑھتے رہیں، حکومت لیوی ختم کرے اور لوگوں کو ریلیف دے ،شرح سود میں بتدریج کمی کرکے خزانہ کو کئی ہزار ارب کا فائدہ ہوسکتا ہے اور لیوی ختم کی جاسکتی ہے۔ ریفائینریز کی استعداد کار کو بڑھایا جائے، سعودی عرب نے ایشیائی ممالک کے لیے تیل کی فی بیرل قیمت میں پانچ ڈالر کمی کا اعلان کیا ہے ، حکمران اس سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں عوام کے نہیں اپنے مفادات کے لیے سیاست کرتی ہیں، جماعت اسلامی کی جدوجہد نے سیاست کا رخ تبدیل کردیا ہے، اب عوام اسی پر اعتماد کریں گے جو ان کے حق کے لیے آواز اٹھائے گا۔ 
کارکن تیاری کریں ، حکومت لوگوں کو ریلیف نہیں دیتی تو اسلام آباد جائیں گے۔
صحافیوں کے سوالات کے جواب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ میں ایران کو شامل کیا جائے۔ اس معاہدہ کو کسی اسلامی ریاست کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ
ملک میں جاری دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز (Stakeholders) مشاورت کریں اور مسائل کا حل نکالیں۔