لیوی پر معاملات حتمی مرحلے میں، ریلیف نہ ملا تو فیصلے سڑکوں پر ہوں گے، ملک میں سیاسی افراتفری جاری، مرکزی و چاروں صوبائی حکومتیں عوام کی نمائندہ نہیں، حافظ نعیم الرحمٰن
وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کی شکست دراصل فلسطینیوں کی فتح ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان کی پریس کانفرنس

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی پر حکومت سے حتمی معاملات طے کیے جارہے ہیں، عوام کو ریلیف نہ ملا تو فیصلے سڑکوں پر ہی ہوں گے۔ سندھ میں گزشتہ اٹھارہ برسوں سے لوٹ مار چل رہی ہے، رہائش کے اعتبار سے کراچی دنیا کا بدترین شہر بن گیا۔ امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ اور صہیونی لابی کی شکست دراصل فلسطینیوں کی مزاحمت کی کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورِحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیرکراچی منعم ظفر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ لیوی کسی صورت قبول نہیں ، حکومت اس ناجائز ٹیکس کے بتدریج خاتمہ کے لیے تیار ہے ، تاہم مذاکرات جاری ہیں اور ابھی تک اس حوالے سے حکومت کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، البتہ جماعت اسلامی کے باربار سمجھانے پر جکومت آئل رئفائینریز سے بات چیت کررہی ہے، جنہوں نے بدترین حالات میں بھی ہزار گنا تک منافع کمایا، ہمارے اصرار پر حکومت کی آئل ریفائینریز سے بات چیت کے نتیجہ میں عوام کو پٹرولیم مصنوعات پر کچھ ریلیف بھی ملا ہے، حکومت سے کہا ہے کہ پٹرول پر موجودہ ریلیف کو تیرہ سو سی گاڑیوں تک لے کر جائیں اور اسی طرح زرعی شعبہ میں ڈیزل کے استعمال اور عوامی ٹرانسپورٹ پر بھی رعایت کا کوئی طریقہ وضح کیا جائے، اپنے موقف پر قائم ہیں کہ لیوی کسی صورت قبول نہیں، حکومت نے دوچار روز کی مہلت طلب کی ہے ، انہیں وقت دے دیا ہے تاہم واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مزید ٹال مٹول نہیں چلے گی، اگر عوامی مفاد میں فیصلے نہ ہوئے تو احتجاج ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں سیاسی افراتفری ہے، موجودہ صوبائی اور مرکزی حکومتیں عوام کی نمائندہ نہیں ہیں ، فارم سنتالیس سے مسلط لوگ کوئی بہتری نہیں لا سکتے۔ سندھ کا براحال ہے، صوبہ بھر میں لوٹ مار ہورہی ہے، شہر کراچی جو ملک کی نصف آمدن کا ذریعہ ہے کو پوری طرح تباہ کردیا گیا، شہر پر قبضہ میئر مسلط ہے، کراچی کے جن علاقوں میں جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظمین ہیں وہاں وہ محدود وسائل کے باوجود سکول، پارک اور سڑکیں تعمیر کررہے ہیں، تاہم سیوریج اور کچرا کے بڑے مسائل ہیں جو صوبائی حکومت حل نہیں کررہی، دنیا کے بدترین ایک سو تہتر شہروں میں کراچی کا نمبر ایک سو ستر ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ اور صہیونی لابی کو شکست دینے پر امریکی عوام مبارکباد کی مسترد ہے، ان طاقتور سرمایہ داروں کے مقابلے میں کھڑے ہونے کا سبق انہوں نے اہلِ غزہ سے سیکھا، جنہوں نے ہزاروں شہادتوں کے باوجود استقامت دکھائی، امن معاہدہ کے باوجود بھی اسرائیل اہل فلسطین پر بمباری کررہا ہے، صہبونی افواج نے مغربی کنارے میں بھی سفاکیت کا آغاز کردیا ہے، تاہم فلسطینی ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مظالم کے جواب میں تمام دنیا کے حق پرستوں اور خصوصی طور پر اسلامی دنیا کو متحد ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ ترکی کے دوران انہوں نے دنیا بھر سے آئے ہوئے اسلامی تحریکوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ یورپ کا سرمایہ دارانہ نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور اسے ایک متبادل کی ضرورت ہے جو صرف اور صرف اسلام کا نظام ہے، فرقہ واریت سے پاک اسلامی تحریکیں اس مقصد کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں۔