محسن نقوی کی منصورہ آمد، حافظ نعیم الرحمٰن سے اہم ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال
عوام کو ریلیف کی فراہمی سب سے اہم ترجیح ہونی چاہیے، حافظ نعیم الرحمٰن

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور امن و امان کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ملکی سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کے ساتھ ساتھ مہنگائی اور عوام کو درپیش دیگر مسائل بھی زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماوں نے آئندہ بھی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی سب سے اہم ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو امن و امان کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کرنے چاہئیں، تاہم عوام صرف امن و امان ہی نہیں بلکہ غربت، مہنگائی اور دیگر معاشی مسائل کی چکی میں بھی پس رہے ہیں، جن کے حل کے لیے حکومت کو فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
مہنگائی کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آٹا، چینی، گھی، دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ بجلی اور گیس کے بھاری بلوں نے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ تنخواہ دار اور محنت کش طبقہ محدود آمدنی میں گھر کا خرچ چلانے سے قاصر ہو چکا ہے، بچوں کی تعلیم اور علاج معالجہ بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ پیٹرولیم لیوی کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا بوجھ براہ راست عوام پر پڑ رہا ہے، اس لیے حکومت کو پیٹرول پر عائد لیوی ختم کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے عوام کو کچھ ریلیف ملا ہے، لیکن جماعت اسلامی کی جدوجہد پیٹرول لیوی کے مکمل خاتمے کے لیے ہے، اور اس حوالے سے حکومت کو ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر موثر کنٹرول، بجلی و گیس کے بلوں میں حقیقی ریلیف، اور ذخیرہ اندوزوں و منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی ریلیف چاہیے، اور حکومت کو چاہیے کہ بوجھ عوام کے بجائے مراعات یافتہ طبقے پر منتقل کرے