چھ دسمبر کو مینار پاکستان جلسہ پنجاب کی سیاست میں کلیدی کردار ادا کرے گا، حافظ نعیم الرحمٰن

جماعت اسلامی نے عوامی مسائل پر سیاسی جدوجہد کی نئی کامیاب مثال قائم کی ہے، امیرجماعت اسلامی کا کارکنان سے آن لائن خطاب

3 منٹ
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن ملک گیر کارکنان سے منصورہ سے آن لائن خطاب کر رہے ہیں
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن ملک گیر کارکنان سے منصورہ سے آن لائن خطاب کر رہے ہیں

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئندہ اتوار کو مینارپاکستان کا جلسہ پنجاب کی مستقبل کی سیاست میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ زراعت اور تعلیم کے مسائل پر بڑی تحریکیں چلائیں گے، جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں ہر یونین کونسل میں امیدوار کھڑے کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے ملک گیر کارکنان سے منصورہ سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا گرشتہ چند ماہ کے دوران جماعت اسلامی نے پٹرول کی قیمتوں ، مہنگائی اور عوامی مسائل پر ملک گیر سطح پر تحریک چلائی جو ملکی تاریخ میں سیاسی تحریک کا ایک نیا اور کامیاب تجربہ ہے۔ جماعت اسلامی کی لیوی کے خلاف جدوجہد کے نتیجہ میں دوکروڑ سے زائد لوگوں کو فائدہ ہوا، اس سے قبل آئی پی پیز پر احتجاجی تحریک کے نتیجہ میں قومی خزانہ کو اربوں کا فائدہ ہوا۔ لیوی کے خلاف تحریک نہ چلاتے تو حکومت پٹرول اور ڈیزل کی فی لٹر قیمت کو چھ سو روپے سے اوپر لے جاتی۔ ہم نے سڑکوں کی بندش کے بعد دھرنوں کا آغاز کیا جو بیالیس مقامات پر ہوئے اور اسی دوران ملک گیر کامیاب جلسے بھی منعقد ہوتے رہے ، جماعت اسلامی میں مشاورت کے بعد حکومت کے ساتھ مذاکرات کا آغاز ہوا، حکومت کو ایک ایک مسئلہ پر بریف (Brief) کیا اور ساتھ ساتھ دباؤ بھی جاری رکھا اور آخر کار حکومت کو ریلیف کا دائرہ کار بڑھانے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد میں جس طرح جماعت اسلامی کے کارکنان اور خصوصی طور پر حلقہ خواتین نے محنت کی وہ قابل تحسین ہے، تاہم عوام کے حقوق کے لیے جاری جدوجہد میں آنے والے دنوں میں مزید تیزی آئے گی۔ سکھ یاتریوں کی موجودگی کی وجہ سے حکومتی درخواست کے بعد مینار پاکستان کا آج انتیس نومبر کو ہونے والا جلسہ معطل کیا ، اب یہ جلسہ چھ دسمبر کو اسی مقام پر ہوگا جس میں پورے پنجاب سے قافلے شرکت کریں گے ، اس کے بعد پشاور اور کراچی میں جلسے ہوں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک کی آدھی آبادی زراعت سے منسلک ہے جن کے بے پناہ مسائل موجود ہیں، آنے والے دنوں میں کسانوں کی بیداری کی مہم چلائیں گے۔ اسی طرح سرکاری سکولوں کی فروخت ، تعلیم اور صحت کی سہولیات کے حوالے سے بھی جدوجہد ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنان بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھرپور تیاری کریں ، دیہاتوں میں عوامی کمیٹیاں بنائی جائیں اور دیہی علاقوں کے مسائل کو بھی اجاگر کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے حوالے سے جماعت اسلامی کا آج سے نہیں بلکہ لمبے عرصے سے اصولی موقف ہے، ہم آئینی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ فقہی اور مسلکی مسائل میں الجھے بغیر زیادہ سے زیادہ افراد کو جماعت اسلامی کی جدوجہد میں ساتھ ملائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے زیراثر ہوئے بغیر ان سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے، فرد سے فرد کا رابطہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

امیرجماعت اسلامی نے فلسطین میں حماس اور مصر اور دیگر اسلامی ممالک میں اخوان المسلمون کی تاریخی جدوجہد کا تذکرہ کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دورہ ترکی کے دوران انہیں دنیا بھر سے آئے ہوئے اسلامی تحریکوں کے قائدین سے ملاقاتوں کا موقع ملا ، اسی طرح ترکی کی تحریکوں کے نمائندگان سے بھی گفت و شنید ہوئی، بلاشبہ ترکی اس وقت اسلامی تحریکوں کا مرکز ہےاور یہ امر انتہائی قابل ستائش ہے کہ انہیں وہاں کام کرنے کی اجازت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا میں نظام کا ایک خلا موجود ہے اور جماعت اسلامی کے کارکنان کے پیش نظر اس نظام کے خلا کو پُر کرنے کا مقصد ہونا چاہیے اور اس کے لیے بڑی جدوجہد درکا ہے۔ کارکنان اپنے آپ کو بڑی جدوجہد کے لیے تیار رکھیں ، دعوتی اور عوامی مسائل کو یکجا کرکے مقامی سطحوں پر تحریک کو مربوط اور منظم کیا جائے۔