انتخابات بار بار معطل کر کے عوام کو بنیادی حق سے محروم رکھا جارہا ہے، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں لیاقت بلوچ کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات

2 منٹ
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں، میاں محمد اسلم اور نصراللہ رندھاوا بھی ہمراہ ہیں
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں، میاں محمد اسلم اور نصراللہ رندھاوا بھی ہمراہ ہیں

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے وفد کے ہمراہ چیف الیکشن کمشنرسے ملاقات اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ وفد میں نائب امیر میاں محمد اسلم اور امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا شامل تھے۔ 

ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں اسلام آبادکے بلدیاتی انتخابات کا معاملہ زیر بحث آیا ہے۔انھوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں بار بار بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے بعد انھیں ملتوی کر کے عوام کو ان کے بنیادی جمہوری حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے تسلیم کیا کہ انتخابات حکومتوں کی جانب سے بار بار انتخابی ایکٹ میں ترامیم لانے کی وجہ سے ملتوی ہوتے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرانا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، آئین پاکستان کے تحت بلدیاتی اداروں کا قیام لازمی ہے۔ ملک مسلسل ایک سیاسی کشمکش کا شکار ہے جس کا فائدہ اسٹیبلشمنٹ اٹھاتی ہے، جب تک مقامی حکومتوں کا نظام بااختیار نہیں ہوگا ملک کی سیاست مستحکم نہیں ہو سکتی۔ کوئی بھی پارٹی اقتدار میں آ کر بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام دینے کو تیار نہیں، الیکشن کمیشن کو بااختیار ہونا چاہیے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 63 کے قریب انتخابی ترامیم حکومت کو بھیجی ہیں، حکومت اس پر کچھ کرنے کو تیار نہیں، ہم نے چیف الیکشن کمشنرسے کہا کہ ان اصلاحاتی ترامیم کا مسودہ ہمیں دیں، جماعت اسلامی اس پر آوازاٹھائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر اپنی مدت کرنے کے بعد ملازمت میں ملنے والی دوسالہ توسیع بھی پوری کرچکے، چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تقرری کا معاملہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا، حکومت کی ہٹ دھرمی اپنی جگہ پر لیکن اپوزیشن لیڈر آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایڈہاک ازم کا خاتمہ ہونا چاہیے، ملک میں انتخابی اصلاحات لازمی ہیں، سپیکر قومی اسمبلی انتخابی اصلاحات کو پیش نظر رکھیں، جماعت اسلامی کی متناسب نمائندگی کی اصلاحات کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ 5 بار اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے گئے، کاغذات نامزدگی کی فیس کی رقم بھی ہڑپ کر لی گئی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ رقم واپس کی جائے گی، مقامی حکومتوں کی مدت کا بھی تعین ہونا چاہیے۔